اسلام آباد (رپورٹر) پبلک ویلفیئر ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن بلوچستان کے مرکزی ترجمان نے پٹرول کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ مرکزی ترجمان نے کہا کہ پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ براہِ راست ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافے کا باعث بن رہا ہے، جس کا اثر عام شہریوں، مزدوروں اور طلباء پر سب سے زیادہ پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام پہلے ہی مہنگائی اور دیگر معاشی مشکلات سے پریشان ہیں، ایسے میں پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ان کی مشکلات کو مزید بڑھا رہا ہے۔
ترجمان نے حکومت بلوچستان اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ پٹرول کی قیمت کو فوری طور پر کم کیا جائے اور اس مسئلے کا فوری نوٹس لے کر عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔ ساتھ ہی انہوں نے وفاقی حکومت سے بھی درخواست کی کہ پورے پاکستان میں پٹرول کی قیمتوں میں فوری کمی کی جائے تاکہ عوام کو مہنگائی کے بوجھ سے کچھ ریلیف مل سکے۔
آخر میں مرکزی ترجمان نے زور دیا کہ عوامی مسائل کا حل حکومت اور انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے، لہٰذا فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ لوگوں کو درپیش مشکلات کم ہوں اور عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

