اپوزیشن اتحاد کا ایران جنگ میں فریق نہ بننے، بورڈ آف پیس چھوڑنے اور پیٹرول کی قیمت کم کرنےکا مطالبہ

اپوزیشن اتحاد اور پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے حکومت سے بورڈ آف پیس سے فوری نکلنے، ایران جنگ میں فریق نہ بننے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد میں پی ٹی آئی رہنماؤں سلمان اکرم راجہ، بابر اعوان علامہ راجہ ناصر عباس نے پیر کے روز پریس کانفرنس کی۔

پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ اس وقت خلیجی ممالک میں غیر معمولی صورتحال کا سامنا ہے، خطے پر بربریت مسلط کر دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمان میں ہونے والی گفتگو نتیجے ہر پہنچنے والی تھی مگر صہہونی قوتوں نے سب تہس نہس کر دیا، وقت آ گیا ہے کہ پاکستان اپنا کردار ادا کرے کیونکہ ہم ایک ایٹمی قوت ہیں۔

سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان میں اداروں اور عوام کو ایک دوسرے کے سامنے کھڑا کیا جا رہا ہے، ملک میں جھوٹ کے ذریعے انتشار برپا کیا گیا اور عوام پر ایک جعلی جھوٹی حکومت مسلط کر دی گئی۔

سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ املاک کا نقصان نہ عرب ممالک میں ہونا چاہیے نہ دیگر ملکوں میں، اب سب کو اکٹھے بیٹھ کر مسائل کا حل نکالنا ہے، سب کو مذاکرات کی میز پر بیٹھنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ہوش کے ناخن لیے جائیں ماضی میں جو غلطی کی گئی وہ نہ دہرائی جائے، ایک دن قبل لوگوں کو غیر موجودگی میں سزائیں سنائی گئی، مجموعی طور پر سنائی جانے والی سزائیں 50 50 سال تک پہنچ گئیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ 55 روپے فی لیٹر پٹرول میں اضافہ عندیہ ہے کہ ہمارے ساتھ آگے کیا ہونے والا ہے، خطے میں کسی اور ملک میں اتنی قیمت نہیں بڑھی جبکہ ہمارے ہاں اشرافیہ نے اس موقع کو غنیمت جانا اور اپنی شاہ خرچی کم کرنے کے بجائے بوجھ عوام پر ڈال دیا۔

انہوں نے کہا کہ اشرافیہ اپنی شاہ خرچی اور عیاشیوں کیلیے مہنگے جہاز خرید رہی ہے جن پر ماہانہ کروڑوں روپے کے اخراجات آئیں گے، ہمیں اس نظام کو بدلنا ہو گا، یہ وقت ہے جب ماضی پر نظر ڈالنے کی ضرورت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں