آخری عشرے میں لاکھوں فرزندان اسلام(آج) سنت نبویﷺ کی پیروی میں مساجدمیں 10روزہ اعتکاف میں بیٹھیں گے

اسلام آباد(این این آئی)ملک بھر میں رمضان المبارک کے آخری عشرے میں لاکھوں فرزندان اسلام(آج)منگل کو سنت نبویﷺ کی پیروی میں مساجدمیں 10روزہ اعتکاف میں بیٹھیں گے۔ غروب آفتاب سے قبل ہی ملک کی تمام چھوٹی بڑی مساجد، بشمول اسلام آباد کی شاہ فیصل مسجد، لاہور کی بادشاہی مسجد اور کراچی کی میمن مسجد میں معتکفین کی بڑی تعداد اپنی مختص کردہ جگہوں پر پہنچے گی۔ معتکفین عید کا چاند نظر آنے تک مسجد کے اندر ہی قیام کریں گے اور تلاوت کلام پاک، ذکر و اذکار، تسبیحات اور خصوصی نوافل کی ادائیگی میں وقت گزاریں گے۔ وفاقی دارالحکومت کی شاہ فیصل مسجد میں رواں سال اعتکاف کیلئے مختص کوٹہ کے مطابق افراد اعتکاف بیٹھیں گے۔ان معتکفین کیلئے سحری و افطاری کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ وہ یکسوئی کے ساتھ اللہ کی عبادت کر سکیں۔ وزارت مذہبی امور اور مقامی انتظامیہ کی جانب سے مساجد کے باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ بڑی مساجد میں معتکفین کی سہولت کے لیے طبی کیمپس بھی قائم کیے گئے ہیں جہاں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف تعینات رہے گا۔ اعتکاف کے دوران معتکفین امت مسلمہ کی سربلندی، ملک کی سلامتی، معاشی استحکام اور خاص طور پر فلسطین و کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کے لیے خصوصی دعائیں کریں گے۔ آخری عشرے کی طاق راتوں میں ”لیل القدر“کی تلاش کے لیے مساجد میں شب بیداری کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں