جوانان پاکستان کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف کراچی پریس کلب کے باہر احتجاج

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جوانان پاکستان کے چیئرمین عبداللہ حمید گل کی ہدایت پر پیٹرولیم مصنوعات کی حالیہ قیمتوں میں اضافے کے خلاف کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرے کا انعقاد کیا گیا۔ مظاہرے کی قیادت جوانان پاکستان سندھ کے صوبائی صدر مرزا عالم بیگ نے کی، جبکہ اس موقع پر کراچی ڈویژن کے صدر شفیق جان درانی سمیت دیگر رہنماؤں اور کارکنان کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف نعرے درج تھے۔ شرکاء نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے فوری طور پر قیمتیں واپس لینے کا مطالبہ کیا۔مظاہرے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مرزا عالم بیگ نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ عوام پر ناقابل برداشت بوجھ ڈال رہا ہے اور حکومت نے مہنگائی کے بوجھ تلے عوام کو کچل کر رکھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے مہینے میں عوام کے اخراجات میں ویسے ہی اضافہ ہو جاتا ہے اور دنیا بھر کی حکومتیں اس موقع پر اپنی عوام کو ریلیف فراہم کرتی ہیں، مگر بدقسمتی سے پاکستان میں اس کے برعکس اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں 28 دن کا پیٹرولیم اسٹاک موجود ہونے کے باوجود قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا جس کا براہِ راست فائدہ چند مخصوص عناصر اور حکومت کو ہوا، جبکہ عام آدمی پہلے ہی مہنگائی کی شدید لہر کا سامنا کر رہا ہے۔ دو مرتبہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے بعد مہنگائی کا طوفان عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کرے گا۔مرزا عالم بیگ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کیا گیا اضافہ واپس لے اور عوام کو ریلیف فراہم کرے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر قیمتیں واپس نہ لی گئیں تو جوانان پاکستان ملک بھر میں احتجاجی تحریک کو مزید وسعت دینے پر مجبور ہوگی۔اس موقع پر دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مہنگائی پر قابو پانے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں