کوئٹہ(این این آئی)گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کوئٹہ کنٹونمنٹ بورڈ صوبے کا سب سے بڑا بورڈ ہے اور اس کو کیٹیگری A کا درجہ دینے کے بعد ضروری ہے کہ اس کے ممبران کی تعداد میں بھی اضافہ کیا جائے تاکہ اسکی بڑھتی ہوئی آبادی کے مطابق اس رکنیت کو ظاہر کیا جا سکے۔ ہم کوئٹہ کنٹونمنٹ سول آبادی کو درپیش مسائل و مشکلات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں کوئٹہ کنٹونمنٹ بورڈ کے وائس پریذیڈنٹ محمد نعیم کی قیادت میں ممبران کینٹ بورڈ پر مشتمل وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل سے ملاقات کے دوران کینٹ کی سول آبادی کے مسائل اور کرایوں میں اضافے سمیت دیگر اہم مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کنٹونمنٹ بورڈ نے آئندہ کے بلدیاتی انتخابات کی تیاری اور عوام کا اعتماد بحال کرنے کیلئے گرانٹ کی فوری ضرورت پر زور دیا۔ تمام بنیادی سہولیات کی ان کی دہلیز پر پہنچانے سے کنٹونمنٹ ایریا میں سول آبادی کیلئے کئی آسانیاں پیدا کی جا سکتی ہیں۔

