لکی مروت؛ پولیس پر حملے میں ایس ایچ او سمیت 7 اہل کار جاں بحق

لکی مروت: لکی مروت میں پولیس پر حملے میں ایس ایچ او سمیت 7 اہل کار جاں بحق ہو گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لکی مروت میں تھانہ شادی خیل پولیس اسٹیشن کی موبائل کے قریب زوردار دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں ایس ایچ او سمیت 7 پولیس اہل کار جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں تھانہ شادی خیل کے ایس ایچ او بھی شامل ہیں۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق پولیس موبائل کو آئی ای ڈی بم کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں جائے حادثہ کی جانب روانہ کردی گئیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے میں زخمی ہونے والوں کو طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں ایس ایچ او صدر اعظم، کانسٹیبل شاہ بہرام ڈرائیور، کانسٹیبل شاہ خالد، کانسٹیبل حاجی محمد، کانسٹیبل گل زادہ، کانسٹیبل سخی زادہ شامل ہیں جب کہ کانسٹیبل انصاف الدین کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے لکی مروت میں پولیس گاڑی کے قریب دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

انہوں نے کہا کہ واقعے میں ایس ایچ او سمیت 7 پولیس اہلکاروں کی شہادت انتہائی افسوسناک ہے۔ صوبائی حکومت شہدا کے اہل خانہ کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہدہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں