حکومت نے مٹی کا تیل 40 روپے، لائٹ ڈیزل 67 روپے مہنگا کردیا

حکومت نے لیوی کی مد میں مٹی کے تیل کی قیمت میں 39 روپے 20 پیسے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 67 روپے 51 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کردیا جبکہ پیٹرول اور ڈیزل پر پٹرولیم لیوی برقرار رکھا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پیٹرول پر فی لیٹر 105 روپے 37 پیسے اور ڈیزل پر 55 روپے 24 پیسے فی لیٹر لیوی برقرار رکھا گیا ہے۔

اسی طرح لائٹ ڈیزل بھی 67 روپے 51 پیسے فی لٹر مہنگا کردیا گیا ہے، لائٹ ڈیزل آئل کی نئی قیمت 302 روپے 52 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے، قبل ازیں لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 235 روپے 1 پیسے تھی۔

وزارت توانائی کا کہنا ہے کہ حکومت پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھ کر 23 ارب روپے کی سبسڈی ادا کرے گی، 23 ارب روپے کی سبسڈی 14مارچ سے 20 مارچ تک کے لیے ادا کی جائے گی، پٹرول پر فی لیٹر 49 روپے 63 پیسے جبکہ ڈیزل پر فی لیٹر 75 روپے 5 پیسے سبسڈی ادا کی جائے گی۔

وزارت توانائی کاکہنا ہےکہ یہ رقم آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو پرائس ڈیفرنشیل کلیمز کی مد میں ادا کی جائےگی، 23 ارب روپے کے پرائس ڈیفرینشل کلیمز اوگرا کی طرف سے ادا کیے جائیں گے۔

وزارت توانائی نے بتایا کہ کابینہ سے وزیراعظم کفایت شعاری فنڈ قائم کرنے کی منظوری حاصل کر لی، کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے 27 ارب 10 کروڑ روپے اس فنڈ میں منتقل کرنے کی منظوری دی، پرائس ڈیفرینشل کی ادائیگی کے طریقہ کار میں او ایم سیز سے موصول ہونے والے بلوں کی تصدیق اور آڈٹ کا عمل بھی شامل ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں