سعید آباد میں مبینہ بھتہ خوری پر ہدایت الرحمان بلوچ کا پولیس سے سخت احتجاج

کراچی(روزنامہ رھبر مانیٹرنگ ڈیسک) کراچی کے علاقے سعید آباد میں سندھ پولیس کے اہلکاروں کی جانب سے بلوچستان کے مسافروں سے مبینہ بھتہ خوری اور بدتمیزی کے واقعہ پر امیر جماعت اسلامی بلوچستان و رکن صوبائی اسمبلی (ایم پی اے) مولانا ہدایت الرحمان بلوچ شدید برہم ہو گئے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ انہوں نے بلوچستان سے آنے والے شہریوں کو ہراساں کیے جانے پر پولیس اہلکاروں سے سخت احتجاج کیا اور موقع پر ہی ان کا محاسبہ کیا۔ ویڈیو کے مطابق تلخ کلامی اس وقت بڑھ گئی جب پولیس اہلکاروں اور رکن اسمبلی کے درمیان بحث شروع ہو گئی۔ اس دوران مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے پولیس اہلکاروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو بلاجواز روک کر تنگ کرنا اور ان سے پیسے طلب کرنا قابلِ قبول نہیں اور ایسے اقدامات عوام کی تذلیل ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ آخر مسافروں کو کیوں ہراساں کیا جا رہا ہے اور غریب لوگوں سے رقم کیوں طلب کی جا رہی ہے۔ رپورٹس کے مطابق سندھ پولیس کے بعض اہلکار بلوچستان سے کراچی داخل ہونے والے مسافروں کو ناکوں اور رستوں پر روک کر مبینہ طور پر رشوت طلب کرتے ہیں۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ایم پی اے گوادر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ وہاں سے گزر رہے تھے کہ انہوں نے شہریوں کے ساتھ مبینہ زیادتی دیکھی، جس پر انہوں نے گاڑی روک کر فوری طور پر مداخلت کی۔ واقعہ کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کے اقدام کو سراہتے ہوئے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مسافروں کو ہراساں کرنے والے راشی اہلکاروں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے تاکہ عوام کو بلا خوف و خطر سفر کی سہولت میسر آ سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں