ایف آئی اے قومی مفادات کے تحفظ، قانون کے مؤثر نفاذ کے لیے اہم کردار ادا کر رہا ہے،ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور

کوئٹہ (این این آئی) ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور نے زونل آفس کوئٹہ کے دورے کے دوران بلوچستان زون کی مجموعی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ادارہ قومی مفادات کے تحفظ اور قانون کے مؤثر نفاذ کے لیے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔کوئٹہ میں دورے کے موقع پر ڈائریکٹر بلوچستان زون محمد بہرام خان نے ڈی جی ایف آئی اے کو زون کی مجموعی کارکردگی، جاری تزئین و آرائش، تعمیراتی کاموں اور مختلف آپریشنل اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ڈی جی ایف آئی اے نے زونل آفس میں جاری تعمیر و مرمت اور کنسٹرکشن کے کاموں کا جائزہ لیا اور پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے خصوصاً حوالہ/ہنڈی کے غیر قانونی نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیوں، انسانی اسمگلنگ کی روک تھام اور بجلی چوری کے خلاف جاری مہم میں بلوچستان زون کی کارکردگی کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ بلوچستان زون میں جاری تعمیراتی منصوبوں کی تکمیل کے لیے مزید بجٹ فراہم کیا جا رہا ہے تاکہ ادارے کی استعداد کار کو بہتر بنایا جا سکے اور ترقیاتی کاموں کو تیز کیا جا سکے۔انہوں نے افسران اور اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، محنت اور لگن کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ایف آئی اے بلوچستان زون مستقبل میں بھی اسی جذبے کے ساتھ اپنی خدمات جاری رکھے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں