ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی کوئٹہ میں مختلف شخصیات کی وفات پر تعزیت

کوئٹہ (این این آئی) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کوئٹہ میں ایم پی اے ملک نعیم خان بازئی کے والد،رکن قومی اسمبلی ملک عادل خان بازئی کے دادا ملک سیف اللہ بازئی کے انتقال پر مرحوم کے اہلِ خانہ سے اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کے لئے ان کی رہائش گاہ گئے۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے سوگوار خاندان سے ملاقات کی اور مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی۔اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے لواحقین کے ساتھ کچھ وقت گزار اور سوگواران کے ساتھ بیٹھ کر ان کی دلجوئی بھی کی۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا والدین زندگی کا انتہائی قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں جن کی محبت اور شفقت بے لوث اور لازوال ہوتی ہے والدین میں سے کسی ایک بھی جدائی ناقابلِ تلافی ہوتی ہے مگر ہر انسان نے موت کا ذائقہ بھی چکھنا ہوتا ہے میں اس دکھ کی گھڑی میں سوگوار خاندان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے مرحوم کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ایک نیک، باوقار اور باکردار شخصیت کے مالک تھے جن کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور درجات بلند کرے اور پسماندگان کو یہ صدمہ صبر و حوصلے کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ اس موقع پر سابق صوبائی وزیر امیر امان اللہ نوتیزئی، قبائلی عمائدین، بیوروکریٹس اور صوبائی ممبران اسمبلی بھی اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے ہمراہ تھے۔ دریں اثنا ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کوئٹہ میں صوبائی وزیر صحت بلوچستان بخت محمد کاکڑ کے چچا کے انتقال پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کے لیے ان کی رہائش گاہ پر گئے جہاں انہوں نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار اور فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ کسی قریبی عزیز کا بچھڑ جانا ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے، جس کا دکھ الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے مرحوم کی مغفرت، درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں وہ سوگوار خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور دعاگو ہیں کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنی جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ دے۔بعد ازاں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے ڈپٹی سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بلوچستان ایوب قریشی کے انتقال پر مرحوم کے اہل خانہ سے اظہارتعزیت اور فاتحہ خوانی کے لیے ان کی رہائش گاہ گئے۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور سوگوار خاندان کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ایک نہایت محنتی، دیانتدار اور فرض شناس افسر تھے جنہوں نے اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دیں۔ ان کی خدمات کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا انہوں نے کہا کہ دکھ کی گھڑی میں وہ سوگوار خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا کرے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں