کوئٹہ(این این آئی)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما سید جہانگیر شاہ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں گورنرومسلم (ن) کے صوبائی صدر شیخ جعفرخان مندوخیل کی قیادت میں پارٹی کو فعال بنانے کیلئے تمام سینئر ساتھیوں کو اپنا کردارادا کرنا ہوگا،مسلم لیگ(ن) کے وزیراعظم اورچیف آف ڈیفنس کی کوششوں سے پاکستان کو دنیا بھر میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے اگر دشمن نے پاکستان کی طرف سے میلی آنکھ سے دیکھنے کی کوشش کی تو اسکی آنکھیں نکال باہر پھینکیں گے۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو یہاں ملاقات کرنے والے پارٹی کارکنوں کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ سید جہانگیرشاہ نے کہا کہ گزشتہ دنوں گورنر بلوچستان شیخ جعفرخان مندوخیل سے انکی قیادت میں ایک وفد نے ملاقات کی جس میں ارشد گجر،شہزاد محمدحسنی،حاجی عصمت اللہ اور دیگر شامل تھے جس میں صوبے میں مسلم لیگ (ن) کو مزید فعال اور منظم بنانے کیلئے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔انہوں نے کہاکہ صوبائی صدر و گورنر شیخ جعفرخان مندوخیل نے ملاقات میں ہدایت کی ہے کہ صوبے میں مزید فعال اور منظم بنانے کیلئے تمام ساتھیوں کو ملکر کردارادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہئے کہ اپنے چھوٹے موٹے اختلافات سے بالاتر ہوکر مسلم لیگ(ن) کے قائد میاں محمدنواز شریف،وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے پیغام کو گھر گھر پہنچائیں۔ سید جہانگیرشاہ نے کہاکہ مسلم لیگ(ن) کی وفاقی حکومت ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے وزیراعظم پاکستان میاں محمدنواز شریف، چیف آف ڈیفنس سیدعاصم منیر اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ذاتی کوششوں کی بدولت پاکستان نے دنیا بھر میں اپنا لوہا منوایا ہے اور دنیا پاکستان کوقدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا دفاع اسوقت مضبوط ہاتھوں میں ہے اگر دشمن نے پاکستان پر حملے کی کوشش کی تواسکومنہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

