آزاد کشمیر میں صحتِ عامہ کے فروغ میں پاک فوج کے میڈیکل کور کا کلیدی کردار

اسلام آباد (اے ایس این)آزاد کشمیر میں صحت و زندگی کو بنیادی اہمیت حاصل ہے اور اس حوالے سے جہاں ایک طرف آزاد حکومت کے زیر انتظام محکمہ صحت عامہ اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہا ہے، وہیں دوسری جانب پاک فوج کا میڈیکل کور بھی شہری مراکز سے لے کر دور افتادہ علاقوں تک عوام کو طبی سہولیات فراہم کرنے میں بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔اے ایس این کی ایک تجزیاتی رپورٹ کیمطابق آزادکشمیرمیں پاک فوج کے میڈیکل کور کی جانب سے سال بھر مختلف علاقوں میں میڈیکل کیمپس کا انعقاد کیا جاتا ہے، جہاں مستند ڈاکٹرز اور طبی عملہ عوام کو مفت معائنہ اور ادویات فراہم کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ“علاج گاؤں ”جیسے نیٹ ورک کے ذریعے بنیادی صحت کی سہولیات ان علاقوں تک پہنچائی جا رہی ہیں جہاں سرکاری وسائل محدود ہیں۔محکمہ صحت عامہ اور پاک فوج کے درمیان تعاون کو ایک مثالی اشتراک قرار دیا جا رہا ہے، جس کے باعث صحت کے شعبے میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ پاک فوج کے افسران، ڈاکٹرز اور انتظامی عملہ جس جذبہ ایثار، ہمدردی اور وابستگی کے ساتھ خدمات انجام دے رہا ہے، وہ قابل تحسین ہے۔رپورٹس کے مطابق موجودہ دور میں جہاں فکری و نظریاتی انتشار کے باعث بعض حلقوں کی جانب سے اداروں کے خلاف منفی بیانیہ بھی سامنے آتا ہے، وہیں عوام کی بڑی تعداد خصوصاً شہدائے وطن کے لواحقین افواج پاکستان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور ان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔عیدالفطر کے موقع پر بھی افواج پاکستان کے جوان سرحدوں پر وطن کا دفاع کرتے ہوئے، فضاؤں میں نگرانی، سمندری حدود کی حفاظت اور ہسپتالوں و فیلڈ مراکز میں طبی خدمات کی انجام دہی میں مصروف ہیں۔ وہ اپنے گھروں سے دور رہ کر بھی کسی ملال کا اظہار نہیں کرتے بلکہ ملک کے ہر علاقے کو اپنا گھر اور ہر شہری کو اپنا خاندان سمجھتے ہیں۔سول سوسائٹی اور عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اداروں کی ساکھ، وقار اور خدمات کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اور یہی جذبہ قومی یکجہتی اور استحکام کی ضمانت بن سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں