وزیراعظم کا ایرانی صدر سے رابطہ، کشیدگی کم کرکے مذاکرات کی راہ اپنانے پر زور

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر مسعود پزشکیان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا، جس میں دوطرفہ تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعظم نے جنگ بندی کی سفارتی کوششوں سے اگاہ کیا۔

وزیراعظم نے ایرانی صدر اور برادر عوامِ ایران کو عیدالفطر اور نوروز کی مبارکباد پیش کی، جس پر ایرانی صدر نے بھی پرتپاک انداز میں جواب دیتے ہوئے پاکستانی عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

گفتگو کے دوران وزیراعظم نے بطور ہمسایہ برادر ملک جاری کشیدگی کے تناظر میں ایرانی عوام کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں اور متاثرین کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔

وزیراعظم نے خلیجی خطے میں بگڑتی صورتحال پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے تمام متعلقہ ممالک پر زور دیا کہ کشیدگی کم کر کے مذاکرات اور سفارتکاری کی راہ اپنائی جائے تاکہ مسائل کو پرامن طریقے سے حل کیا جا سکے۔

انہوں نے اس موقع پر امتِ مسلمہ کے درمیان اتحاد و یکجہتی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں باہمی ہم آہنگی ناگزیر ہے وزیراعظم نے ایرانی قیادت کو پاکستان کی سفارتی کوششوں سے آگاہ کرتے ہوئے یقین دلایا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں