پاکستان کا قیام طویل جدوجہد اور بے شمار قربانیوں کا نتیجہ ہے، سیدال خان ناصر

کوئٹہ+اسلام آباد(این این آئی)ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے یومِ پاکستان کے موقع پر پوری قوم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 23 مارچ ہماری قومی تاریخ کا نہایت اہم دن ہے، جو ہمیں ایک علیحدہ وطن کے حصول کے لیے دی جانے والی لازوال قربانیوں اور عظیم جدوجہد کی یاد دلاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ 1940 کی قراردادِ لاہور برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک روشن راستہ ثابت ہوئی، جس نے انہیں ایک آزاد اور خودمختار ریاست کے قیام کی منزل سے ہمکنار کیا۔ یہ دن ہمیں اس عہد کی یاد دہانی بھی کراتا ہے کہ ہم اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے اصولوں کو اپناتے ہوئے پاکستان کی ترقی اور استحکام کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کریں۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کا قیام ایک طویل جدوجہد اور بے شمار قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ برصغیر کے مسلمانوں نے دو قومی نظریے کی بنیاد پر اپنی شناخت، حقوق اور آزادی کے تحفظ کے لیے متحد ہو کر قربانیاں دیں، جن کا ثمر آج ایک آزاد ریاست کی صورت میں ہمارے سامنے ہے۔ انہوں نے قائدینِ تحریک پاکستان کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بصیرت اور قیادت آج بھی ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ 23 مارچ 1940 کو پیش کی جانے والی قرارداد نے مسلمانوں کے لیے ایک الگ وطن کی بنیاد رکھی، جس کی تکمیل لاکھوں افراد کی قربانیوں کے بعد ممکن ہوئی۔ ہمیں اس تاریخی ورثے کی حفاظت کرتے ہوئے آنے والی نسلوں کے لیے ایک مضبوط اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کرنی ہے۔سیدال خان ناصر نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، بہادری اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ افواجِ پاکستان نے ہر مشکل وقت میں ملک کے دفاع کو یقینی بنایا ہے۔ انہوں نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں ہمیشہ قوم کے لیے باعثِ فخر رہیں گی۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام تر چیلنجز کے باوجود پاکستان ایک مضبوط ریاست کے طور پر آگے بڑھ رہا ہے، اور پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی یکجہتی، جمہوری اقدار اور آئین کی بالادستی ہی ملک کو استحکام اور ترقی کی راہ پر گامزن رکھ سکتی ہے۔آخر میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو امن، خوشحالی اور ترقی سے ہمکنار کرے اور ہمیں باہمی اتحاد کے ساتھ ایک مضبوط اور فلاحی معاشرے کی تشکیل کی توفیق عطا فرمائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں