23 مارچ برصغیر کے مسلمانوں کی طویل جدوجہد اور بے مثال قربانیوں کا ثمر ہے،اسسٹنٹ کمشنر تربت محمد حنیف

تربت(این این آئی)یومِ پاکستان کے موقع پر ضلعی انتظامیہ کیچ کے زیرِ اہتمام محکمہ تعلیم کے اشتراک سے گورنمنٹ بوائز ماڈل اسکول تربت میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی اسسٹنٹ کمشنر تربت محمد حنیف کاکڑ تھے جبکہ صدارت پرنسپل اکبر اسمائیل نے کی۔ اس موقع پر اساتذہ کرام، مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات، طلبہ اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب سے قبل پرچم کشائی کی باوقار تقریب منعقد ہوئی جس میں مختلف لائن ڈیپارٹمنٹس کے سربراہان اور دیگر سرکاری افسران نے شرکت کی۔ قومی پرچم کو سلامی پیش کی گئی جبکہ قومی ترانہ بھی پورے احترام اور جذبے کے ساتھ بجایا گیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر تربت محمد حنیف کاکڑ اور دیگر مقررین نے قیامِ پاکستان کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ 23 مارچ برصغیر کے مسلمانوں کی طویل جدوجہد اور بے مثال قربانیوں کا ثمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا قیام عالمِ اسلام کی سربلندی اور امتِ مسلمہ کی توقیر کے لیے ایک عظیم سنگِ میل ثابت ہوا۔مقررین نے زور دیا کہ آج کے دن ہمیں تحریکِ پاکستان کے قائدین کی قربانیوں کو یاد رکھتے ہوئے ملک کی ترقی، اتحاد اور استحکام کے لیے اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں ادا کرنے کا عہد کرنا چاہیے۔تقریب کے اختتام پر طلبہ نے ملی نغمے، تقاریر اور ٹیبلو پیش کر کے حاضرین سے خوب داد وصول کی۔ تقریب کا ماحول حب الوطنی کے جذبے سے سرشار رہا اور شرکاء نے پاکستان کی سلامتی و ترقی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں