اوتھل (این این آئی)وفاقی وزیر تجارت نواب جام کمال خان عالیانی نے کہا ہے کہ لسبیلہ کے عوام کے مسائل حل کرنا ہماری اولین ترجیح ہے، پانی، صحت اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے تاکہ عوام کو بہتر سہولیات میسر آسکیں۔یہ بات انہوں نے اپنی رہائشگاہ شریش پٹ بیلہ میں جام گروپ اوتھل کے رہنماؤں،پیر قبائل کی معزز شخصیت پیر باقر علی شاہ جیلانی، جنرل کونسلر میونسپل کمیٹی اوتھل محمد بخش برہ، ماسٹر عطاء اللہ ہمدم برہ اور محمد انور سائر سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر رہنماؤں نے روایتی اجرکوں کے تحائف پیش کیے اور انہیں عید کی مبارکباد پیش کی۔ملاقات کے دوران وفد نے اپنے اپنے علاقوں کے مسائل ماسٹر فضل گوٹھ میں شمسی سولر بور جمن برہ گوٹھ چک کھڑری میں BHU کی منظوری اور گورنمنٹ گرلز اسکول گوٹھ حسن کاٹھور کو مڈل کا درجہ دینے کے حوالے وفاقی وزیر کو آگاہ کیا، جس پر نواب جام کمال خان عالیانی نے مسائل کے حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ لسبیلہ کے عوام کے مسائل حل کرنا ان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ لسبیلہ کے عوام سے ان کا دیرینہ رشتہ ہے جو کسی صورت ختم نہیں ہوسکتا، اور وہ عوامی مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ پانی، صحت اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے تاکہ عوام کو بہتر سہولیات میسر آسکیں۔ اس موقع پر مختلف وفود نے بھی وفاقی وزیر سے ملاقاتیں کیں اور اپنے مسائل پیش کیے، جن کے حل کے لیے انہوں نے یقین دہانی کرائی۔

