وزیر اعظم،فیلڈ مارشل نے خارجہ محاذ پر پاکستان کو بڑی سفارتی کامیابیوں سے ہمکنار کیا، سینیٹر محمد عبدالقادر

کوئٹہ(این این آئی) چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ گزشتہ دو برسوں کے دوران پاکستان نے اپنی خارجہ پالیسی میں غیر معمولی کامیابیاں حاصل کی ہیں جو کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت اور اسٹریٹجک بصیرت کا نتیجہ ہے دونوں رہنماؤں کی قیادت میں عالمی سطح پر بدلتی ہوئی جغرافیائی و سیاسی صورتحال میں پاکستان نے نہ صرف توازن برقرار رکھا بلکہ عالمی سطح پر کامیاب, فعال اور ذمہ دار سفارتی کردار بھی ادا کیاخصوصی طور پر پاکستان کی جانب سے امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کی میزبانی پاکستان کی بڑی سفارتی کامیابی ہے اس اقدام نے پاکستان کی غیرجانبداری، اعتماد سازی اور تنازعات کے حل میں کردار کو عالمی سطح پر تسلیم کروایا ہے۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوارسینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ پاکستان کی حالیہ سفارتی پیش رفت نہ صرف خطے میں کشیدگی کم کرنے میں مددگار ثابت ہو گی بلکہ پاکستان کی ساکھ کو بھی مزید مستحکم کرے گی پاکستان نے حالیہ عرصے میں چین، مشرق وسطیٰ، یورپ اور دیگر خطوں کے ساتھ تعلقات میں خاطرخواہ توازن اور بہتری پیدا کی ہے جو جامع اور متحرک خارجہ پالیسی کی عکاسی کرتی ہے۔ پاکستان کی قیادت کی جانب سے اقتصادی سفارتکاری، علاقائی روابط اور امن کے فروغ پر خصوصی توجہ دی گئی ہے پاکستان کی موجودہ خارجہ پالیسی کامیاب، متوازن اور دور اندیش حکمت عملی کا مظہر ہے۔ اگر یہی تسلسل برقرار رہا تو پاکستان بہت جلد نہ صرف خطے بلکہ عالمی سطح پر بھی اہم سفارتی قوت بن کر ابھرے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں