سندھ میں امتحانات میں نقل کی روک تھام کیلئے واٹر مارکنگ سسٹم نافذ کرنے کا فیصلہ کرلیاگیا۔
صوبائی وزیر جامعات اسماعیل راہو کی زیرصدارت امتحانات کی تیاریوں کے حوالے سےجائزہ اجلاس ہوا جس میں وزیرجامعات نےگفتگوکرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات کے باوجود امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے جس کے لیے صوبے بھر میں 1600 سے زائد امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں انٹر کے امتحانات 25 اپریل اور میٹرک کے امتحانات 7 اپریل سے شروع ہوں گے جبکہ سکھر ڈویژن میں میٹرک کے امتحانات 30 مارچ اور انٹر امتحانات 15 اپریل سے شروع ہوں گے۔
وزیرجامعات کا کہنا تھا کہ امتحانات میں نقل کی روک تھام کیلئے واٹرمارکنگ سسٹم نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس سے پیپر آؤٹ کرنے والوں کا فوری پتہ لگایا جاسکے گا،اس کے علاوہ امتحانی مراکز کی نگرانی کیلئے صوبائی سطح پر شکایتی سیل قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

