اوتھل (این این آئی) پارلیمانی سیکرٹری برائے سیاحت و ثقافت نوابزادہ میر زرین خان مگسی ایک روزہ دورے پر ضلع لسبیلہ کے ضلعی ہیڈکوارٹر اوتھل پہنچے، جہاں انہوں نے سرکٹ ہاؤس اوتھل میں منعقدہ عید ملن تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے قبائلی عمائدین، بلدیاتی نمائندوں، علاقائی معززین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے عید ملی اور انہیں مبارکباد پیش کی۔تقریب میں ڈپٹی کمشنر لسبیلہ حمیرا بلوچ، وائس چیئرمین ضلع کونسل لسبیلہ سردار غلام فاروق شیخ سمیت دیگر سرکاری افسران بھی شریک تھے۔ اس موقع پر شرکاء نے ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد پیش کی، نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور علاقے کو درپیش مسائل سمیت ترقیاتی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال بھی کیا۔اس موقع پر نوابزادہ میر زرین خان مگسی نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات اٹھا رہی ہے اور اس سلسلے میں تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔ لسبیلہ کے عوام کے مسائل کا حل ان کی اولین ترجیح ہے اور کسی بھی صورت عوام کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا بلکہ ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ تاکہ عوام کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کی جا سکیں۔ تعلیم، صحت، پینے کے صاف پانی کی فراہمی، سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور دیگر بنیادی شعبوں میں بہتری کے لیے اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں۔بعد ازاں نوابزادہ میر زرین خان مگسی نے عوام سے ملاقات کی اور ان کے مسائل تفصیل سے سنے، جبکہ متعدد مسائل کے فوری حل کے لیے موقع پر ہی احکامات جاری کیے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے گا۔

