زمین کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ اور کلیدی ذمہ داری ہے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ماحولیاتی چیلنجز سے بھرپور اس دور میں ارتھ آور (Earth Hour) یاد دہانی کراتا ہے کہ زمین کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ اور کلیدی ذمہ داری ہے۔

ارتھ آور (Earth Hour) منانے کے دن 28 مارچ 2026 کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ارتھ آور میں بھرپور شرکت کریں اور رات 8:30 بجے سے 9:30 بجے تک، ایک گھنٹے کے لئے بجلی اور غیر ضروری روشنی بند رکھیں یا کم سے کم استعمال کریں۔

شہباز شریف نے کہا کہ اس سال ارتھ آور (Give an Hour for Earth) زمین کے لیے ایک گھنٹہ صرف کریں کے عنوان سے منایا جا رہا ہے، جس کا مقصد ماحولیاتی تحفظ، توانائی کے مؤثر استعمال اور موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق آگاہی پیدا کرنا ہے۔

ارتھ آور (Earth Hour) محض ایک علامتی تحریک نہیں بلکہ یہ عالمی سطح کا لمحہ فکریہ ہےجو ایک پائیدار اور مضبوط ماحولیاتی مستقبل کے لیے تجدید عزم کا موقع فراہم کرتا ہے۔ ایسے شعوری اقدامات کا مجموعی اثر ایک بڑی مثبت معاشرتی تبدیلی کا باعث بنتا ہے۔

موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی بگاڑ کو سدھارنے کے لیۓ آج ہمارے کیے گئے فیصلے آنے والی نسلوں کے مستقبل کا تعین کریں گے۔ حکومت ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے موسمیاتی مزاحمت پر مبنی ترقیاتی ایجنڈے پر کام کر رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں