ویب ڈیسک :تعلیمی اداروں کی چھٹیوں میں 15 اپریل تک اضافے کے نوٹیفکیشن کی اصل حقیقت سامنے آگئی ، وزیر تعلیم سندھ نے سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا اسکول معمول کے مطابق کھلیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر تعلیم سندھ سید سردار شاہ نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے اس نوٹیفکیشن کی سختی سے تردید کر دی، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ صوبے بھر کے تعلیمی اداروں کی چھٹیوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے ایک جعلی دستاویز میں یہ دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ “اسمارٹ لاک ڈاؤن” اور “ایندھن کی قلت” کے باعث تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں 15 اپریل تک چھٹیاں بڑھا دی گئی ہیں۔
اس جھوٹے نوٹیفکیشن میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ چھٹیوں کے باوجود امتحانات اپنے مقررہ شیڈول کے مطابق جاری رہیں گے۔
سید سردار شاہ نے اپنے ایک بیان میں واضح کیا کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والا یہ دستاویز مکمل طور پر من گھڑت اور گمراہ کن ہے۔
انہوں نے عوام اور والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسی کسی بھی غیر مصدقہ اطلاع کو شیئر کرنے سے گریز کریں اور صرف سرکاری ذرائع سے آنے والی خبروں پر یقین کریں۔
وزیر تعلیم کے مطابق اسکول معمول کے مطابق کھلیں گے اور تعطیلات میں اضافے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔

