کوئٹہ+اسلام آباد(این این آئی)بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے سعودی عرب کی افرادی قوت کی ضروریات کے مطابق مہارتوں کی ترقی کے اقدامات پر غور کے لیے ایک اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں ڈاکٹر شعیب احمد کی سربراہی میں زیرک، ہاؤس آف قاصب اور کیس کیئر کے نمائندگان بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ سعودی عرب کی منڈی کیضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے نوجوانوں کو جدید اور مطلوبہ مہارتوں سے آراستہ کیا جائے تاکہ روزگار کے بہتر مواقع فراہم کیے جا سکیں۔اس سلسلے میں تربیتی پروگرامز، تکنیکی تعلیم اور ادارہ جاتی شراکت داری کو فروغ دینے پر بھی غور کیا گیا۔ شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مربوط حکمت عملی کے ذریعے نہ صرف افرادی قوت کی استعداد میں اضافہ کیا جا سکتا ہے بلکہ ملکی سطح پر معاشی ترقی میں بھی مثبت کردار ادا کیا جا سکتا ہے۔اجلاس میں مستقبل میں قریبی تعاون اور عملی اقدامات کے ذریعے مہارتوں کی ترقی کے منصوبوں کو آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔بلال خان کاکڑ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں اور انہیں عالمی منڈی کے تقاضوں کے مطابق ہنر مند بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب سمیت بین الاقوامی منڈیوں میں روزگار کے بہتر مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے معیاری تربیت، جدید مہارتوں اور مضبوط ادارہ جاتی روابط کو فروغ دینا ناگزیر ہے۔

