کوئٹہ(این این آئی)حلقہ این اے 256 خضدار کے ضمنی انتخاب کے سلسلے میں سیاسی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں، سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری اور صوبائی مشیر بلدیات نوابزادہ امیر حمزہ خان زہری خضدار پہنچ گئے جہاں ان کا پارٹی رہنماؤں اور قبائلی عمائدین نے پرتپاک استقبال کیا خضدار آمد کے بعد خلق جھالاوان میں اہم سیاسی ملاقاتوں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار برائے قومی اسمبلی میر شفیق الرحمان مینگل نے اپنے وفد کے ہمراہ نواب ثناء اللہ زہری اور نوابزادہ امیر حمزہ زہری سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران حلقہ این اے 256 کے ضمنی انتخاب کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جس میں انتخابی حکمت عملی، مہم اور دیگر اہم امور زیر غور آئے۔ دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پارٹی بھرپور تیاری اور عوامی حمایت کے ساتھ ضمنی انتخاب میں کامیابی حاصل کرے گی اس موقع پر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی جھالاوان کے عوام کی حقیقی نمائندہ جماعت ہے جس نے ہمیشہ عوامی حقوق اور جمہوریت کی بحالی کے لیے جدوجہد کی ہے۔ انہوں نے ووٹرز سے اپیل کی کہ وہ 5 اپریل کو تیر کے نشان پر مہر لگا کر پارٹی قیادت کو خدمت کا موقع دیں دریں اثناء خضدار، زہری، کرخ، سوراب اور دیگر علاقوں سے آئے ہوئے مختلف وفود نے بھی نواب ثناء اللہ زہری سے ملاقاتیں کیں اور اپنے مسائل سے آگاہ کیا اس موقع پر سردارزادہ میر ظفر اللہ خان ساسولی، ڈسٹرکٹ چیئرمین خضدار، حاجی صلاح الدین زہری، وائس چیئرمین، حاجی محمد اقبال مینگل، میر فدا قلندرانی، میر سعید احمد زہری سمیت دیگر سینیئر پارٹی رہنما بھی موجود تھے۔

