اسلام آباد: مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی میزبانی میں آج اسلام آباد میں اہم بیٹھک ہوئی جس میں پاکستان، سعودی عرب، مصر اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ نے شرکت کی، فریقین نے تنازعات مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر اتفاق کیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے وزرائے خارجہ کا استقبال کیا، اجلاس میں شرکت کے لیے سعودی وزیر خارجہ خصوصی طیارے کے ذریعے اسلام آباد کے نور خان ائیر بیس پہنچے۔
بعدازاں پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ کے درمیان اعلیٰ سطح مشاورتی اجلاس ہوا۔ یہ اجلاس نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی دعوت پر منعقد ہوا جس میں خطے کی بدلتی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس میں مشرق وسطی میں جنگ بندی اور قیام امن کے حوالے سے اہم گفتگو ہوئی اور مختلف تجاویز پر غور کیا گیا، فریقین نے تنازعات مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر اتفاق کیا۔
مذاکرات کا پہلا راؤنڈ ختم ہوگیا اگلا راؤنڈ جلد ہوگا جس میں دی گئی تجاویز پر پیش رفت سے ایک دوسرے کو آگاہ کیا جائے گا۔
ترکیہ اور مصری وزیر خارجہ سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں
قبل ازیں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے دفتر خارجہ میں جمہوریہ ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فدان اور مصری وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتوں میں خطے کی کشیدہ صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر اہم مشاورت کی۔
ترک وزیر خارجہ ہاکان فدان سے ملاقات کے دوران اسحاق ڈار نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی، برادرانہ اور مضبوط تعلقات کو اجاگر کیا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ دونوں ممالک کے روابط مشترکہ تاریخ، ثقافت اور باہمی احترام پر مبنی ہیں، انہوں نے دوطرفہ تعلقات کی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
پاک ترک وزرائے خارجہ نے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا، دونوں رہنماؤں نے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا، اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔
علاقائی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے فریقین نے ایران کی موجودہ صورتحال سمیت دیگر اہم پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مذاکرات اور مسلسل سفارتی روابط کی اہمیت پر زور دیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے بنیادی قومی مفادات کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا، قریبی رابطے برقرار رکھنے اور دوطرفہ اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید گہرا کرنے پر اتفاق کیا۔
مصر کے وزیر خارجہ کی وزارت خارجہ آمد
قبل ازیں نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار نے وزارت خارجہ آمد پر مصر کے وزیرِ خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی کا خیرمقدم کیا۔ دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جامع جائزہ لیا۔
انہوں نے حالیہ اعلیٰ سطح تبادلوں، بالخصوص نومبر 2025 میں مصر کے وزیرِ خارجہ کے دورہ پاکستان کے بعد مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے تمام شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
دونوں وزراء نے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس ضمن میں دوطرفہ طریقہ کار کو فعال بنانے، مشترکہ وزارتی کمیشن، اور کاروباری اداروں کے مابین روابط کو فروغ دینے کی اہمیت پر اتفاق کیا گیا۔
نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ نے صحت کے شعبے بالخصوص ہیپاٹائٹس سی کے انسداد کے حوالے سے، مصر کی مسلسل معاونت کو سراہا اور اس شعبے میں جاری تعاون کا خیرمقدم کیا۔
فریقین نے دفاعی اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون کی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے تربیتی تبادلوں اور دوسرے ادارہ جاتی طریقہ کار کے ذریعے تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا۔
فریقین نے علاقائی و بین الاقوامی صورتحال، خصوصاً مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا۔ انہوں نے تحمل، کشیدگی میں کمی اور تنازعات کے حل کے لیے بات چیت اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا۔
نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ نے فلسطینی عوام کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کر تے ہوئےغزہ اور مغربی کنارے میں اسرائیلی قابض افواج کی جانب سے جاری جارحیت کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے غزہ کے عوام تک انسانی امداد کی فراہمی میں مصر کے کردار کو سراہا۔
دونوں ممالک نے اقوامِ متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم سمیت کثیرالجہتی فورمز پر قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
ملاقات میں پاکستان اور مصر کے مابین قریبی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔
مصر کے وزیرِ خارجہ کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان حالیہ اعلیٰ سطحی روابط کا تسلسل ہے، جن میں 19 مارچ 2026 کو ریاض میں ہونے والی ملاقاتیں بھی شامل ہیں۔ یہ بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال کے تناظر میں پاکستان اور مصر کے مابین قریبی ہم آہنگی کا مظہر ہے۔

