تربت(این این آئی) یونیورسٹی آف تربت کے احاطے میں واقع یونیورسٹی ماڈل اسکول کے بورڈ آف ٹرسٹیز کا دوسرا اجلاس 30 مارچ 2026 کو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن کی زیرصدارت تربت یونیورسٹی میں منعقد ہوا۔اجلاس میں پرو وائس چانسلر ڈاکٹر کمال احمد، ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز ڈاکٹر محمد طاہر حکیم، رجسٹرار گنگزار بلوچ، ڈائریکٹر فنانس شاہ بیک سید، پرنسپل یونیورسٹی ماڈل اسکول مہناز بشیر، ممتاز ماہر تعلیم عابد حسین اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کیچ امجد شہزاد نے شرکت کی۔ اپنے افتتاحی کلمات میں وائس چانسلر نے شرکاء کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسکول کی ترقی کی رفتار تیز کرنے کے لیے روڈ میپ کی تشکیل میں بورڈ ممبران کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اسکول کو جدید تقاضوں کے مطابق معیاری تعلیم کی فراہمی پر توجہ دینے کے علاوہ طلبہ کی کارکردگی اور فلاح و بہبود کو یقینی بناتے ہوئے اسکول میں ایک محفوظ، جامع اور سازگار تعلیمی ماحول فراہم کیا جائے۔پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے مزید کہا کہ والدین، اساتذہ اور کمیونٹی کے دیگر اسٹیک ہولڈرز کو اسکول کی تعلیمی منصوبہ بندی اور اہداف کے حصول میں شامل کرنا نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے بورڈ کے وسائل کے موثر استعمال،بجٹ کی تیاری، منظوری، نگرانی کے عمل کو بہتر بنانے اور بورڈ اجلاسوں کے سالانہ شیڈول کی اجراء کی ضرورت پر زوردیا۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ اسکول میں موثر گورننس کو یقینی بنانے کے لیے بورڈ آف ٹرسٹیز کو اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کرنا ہوں گی تاکہ اسکول کے دائرہ کار مزیدکو وسعت دی جاسکے۔پرنسپل مہناز بشیر نے شرکاء کو اسکول کے مجموعی انفراسٹرکچر، تعلیمی پیش رفت اور درپیش چیلنجز کے بارے میں اجلاس کوتفصیلی بریفنگ دی۔بورڈ نے اس بات پر زور دیا کہ ایک جامع طریقہ کار وضع کیا جائے تاکہ بورڈ کے منظور کردہ فیصلوں پر ان کی حقیقی روح کے مطابق عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔ اجلاس میں پہلے اجلاس کے منٹس کی توثیق کے علاوہ گزشتہ اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں اسکول کی تزئین و آرائش کے کام کی پیش رفت، آئی ٹی اور دفتری آلات کی خریداری، فرنیچر کی فراہمی اور اسکول کو شمسی توانائی کے نظام پر منتقل کرنے سے متعلق امور پر بھی غور کیا گیا۔ بورڈ ممبران نے تدریسی اور انتظامی عملے کی بھرتی کے عمل میں میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا تاکہ طلبہ کوعصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق معیاری تعلیم فراہم کی جا سکے۔اجلاس میں اساتذہ اور اسسٹنٹ اکاؤنٹنٹ کی تنخواہوں کے تعین سے متعلق امور پر بھی غور کیا گیا اوراس ضمن میں ضروری فیصلے کیے گئے۔ اس کے علاوہ اجلاس میں اسکول کے اساتذہ کے کنٹریکٹ کی مدت میں توسیع کے معاملات کو بھی نمٹایا گیا۔اجلاس کے بعد پرو وائس چانسلر ڈاکٹر کمال احمد کی زیر صدارت اساتذہ اور دفتری عملے کی بھرتی کے لیے انٹرویوز بھی منعقد کیے گئے۔

