کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ سندھ نے پارٹی نظم و ضبط کی مبینہ خلاف ورزی پر کراچی ڈویژن کے صدر فہد شفیق کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے تین روز کے اندر تحریری وضاحت طلب کرلی ہے۔پارٹی ذرائع کے مطابق فہد شفیق کی جانب سے میڈیا میں دیے گئے متنازع بیانات، خصوصاً پی ایم ایل (ن) سندھ کے صدر بشیر میمن اور ارباب چانڈیو سے متعلق بیان کو پارٹی ڈسپلن کے منافی قرار دیا گیا ہے۔ نوٹس میں فہد شفیق کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے مؤقف کی مکمل وضاحت پیش کریں اور یہ بھی بتائیں کہ انہوں نے بروقت تردید کیوں نہیں کی۔شوکاز نوٹس یوتھ ونگ سندھ کے صدر میر ہمایوں مغیری کی جانب سے جاری کیا گیا، جس میں واضح کیا گیا ہے کہ مقررہ مدت میں تسلی بخش جواب نہ دینے کی صورت میں سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔دریں اثناء، پارٹی قیادت نے معاملے کی سنگینی کے پیش نظر فہد شفیق کے تنظیمی اختیارات فوری طور پر معطل کر دیے ہیں۔ انہیں آئندہ احکامات تک کراچی ڈویژن یوتھ ونگ کے صدر کی حیثیت سے اجلاس کی صدارت اور کسی بھی نوعیت کے فیصلے کرنے سے روک دیا گیا ہے۔پارٹی اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ معاملے کی مکمل چھان بین اور وضاحت سامنے آنے تک عبوری اقدامات برقرار رہیں گے، جبکہ حتمی فیصلہ بعد ازاں کیا جائے گا

