اسلام آباد: پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر رضا امیری مقدم کا جنگ بندی کیلئے پاکستان کی کوششوں سے متعلق اہم بیان سامنے آگیا۔
ایرانی سفیر رضا امیری مقدم کی جانب سے ایکس پر شیئر پیغام میں کہا گیا ہے کہ ایران نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی متحرک اور خیرسگالی پر مبنی سفارتی کوششوں کا خیرمقدم کیا ہے، پاکستان کی جانب سے جاری سفارتی اقدامات خطے میں پائیدار امن کے قیام اور کشیدگی میں کمی کے لیے اہم پیش رفت ہیں۔
ایرانی سفیر نے کہا کہ ایسے اقدامات نہ صرف علاقائی بلکہ عالمی سطح پر استحکام کے فروغ میں مددگار ثابت ہوں گے۔ ایران سفارتکاری کی بحالی اور اپنے خلاف “غیر منصفانہ اور غیر قانونی جارحیت” کے خاتمے کے لیے جاری کوششوں کو قابلِ تحسین قرار دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات بین الاقوامی قوانین اور اصولوں پر عالمی اعتماد کی بحالی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ یہ کاوشیں اس امر کو اجاگر کرتی ہیں کہ مسائل کا حل سفارتی اور سیاسی ذرائع میں ہی مضمر ہے۔ خودمختاری، علاقائی سالمیت اور آزادی کے احترام پر مبنی عالمی اصولوں کی پاسداری ہی خطے میں دیرپا امن اور استحکام کی ضمانت ہے۔
انکا کہنا تھا کہ پاکستان جیسے دوست اور برادر ملک کی جانب سے امریکا-اسرائیل کی ایران کے خلاف جارحیت روکنے اور خطے میں امن و استحکام بحال کرنے کے لیے نیک نیتی، مثبت اقدام اور سفارتی کوششوں کو سراہتے ہیں۔

