ڈپٹی چیئرمین سیٹ سیدال خان ناصر سے جہانگیر خان خروٹی کی ملاقات

کوئٹہ(این این آئی) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ، سیدال خان ناصر نے کوئٹہ میں مختلف سیاسی و سماجی شخصیات کے گھروں پر جا کر ان کے عزیز و اقارب کے انتقال پر دلی تعزیت کا اظہار کیا اور مرحومین کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔اس سلسلے میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر میاں رؤف عطا ایڈووکیٹ کی رہائش گاہ پہنچے، جہاں انہوں نے ان کے والد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے سوگوار خاندان سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ والدین کا بچھڑ جانا ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنی جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل نصیب کرے۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے کارکنان بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔دریں اثناء ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مسلم لیگ (ن) بلوچستان کی سینئر رہنما ناہید کوثر کی رہائش گاہ بھی گئے، جہاں انہوں نے ان کے شوہر کے انتقال پر تعزیت کی اور فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے سوگوار خاندان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس دکھ کی گھڑی میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا بھی کی۔ اس موقع پر پارٹی کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔بعد ازاں، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سابق رکن اسمبلی امروز جان مسیح کی رہائش گاہ گئے، جہاں انہوں نے ان کی اہلیہ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے سوگوار خاندان کے لیے صبر و حوصلے کی دعا کی۔ اس موقع پر بھی مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے کارکنان ان کے ہمراہ تھے، جنہوں نے اہلِ خانہ سے اظہارِ تعزیت کیا۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے ہر مقام پر سوگوار خاندانوں کے ساتھ کچھ وقت گزارا اور انہیں صبر و استقامت کی تلقین کی، اس عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہ مشکل کی اس گھڑی میں وہ ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔دریں اثناء، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر سے مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ کے نائب صدر جہانگیر خروٹی نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبے کی مجموعی سیاسی صورتحال، علاقائی امور اور پارٹی کی تنظیمی سرگرمیوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر سابق رکن صوبائی اسمبلی حاجی قادر مندوخیل بھی موجود تھے۔ ملاقات میں پارٹی کو مزید فعال اور مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا اور باہمی روابط کو فروغ دینے پر زور دیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں