بلوچستان قدرتی وسائل کی دولت سے مالا مال صوبہ ہے، سیدال خان ناصر

کوئٹہ(این این آئی) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنی مسلسل کاوشوں کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے کے عوام کی فلاح و بہبود اور پائیدار ترقی ان کی اولین ترجیح ہے۔کوئٹہ میں منعقدہ ایک باوقار تقریب کے دوران بلوچستان قبائلی اتحاد کے چیئرمین سردار اکبر خان خروٹی نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر کو ان کی عوامی خدمات اور بلوچستان کی ترقی کے لیے اٹھائے گئے مؤثر اقدامات کے اعتراف میں اعزازی شیلڈ پیش کی۔تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے معززین علاقہ، وکلاء برادری، سماجی شخصیات اور نوجوانوں نے بھی شرکت کی اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی کاوشوں کو سراہا۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے اعزاز پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ سند دراصل بلوچستان کے عوام کے اعتماد کا مظہر ہے اور وہ صوبے کی ترقی، نوجوانوں کے روشن مستقبل اور قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اور ریاستی ادارے مل کر بلوچستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے پرعزم ہیں، اور اس ضمن میں تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے تقریب کے منتظمین اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ دریں اثناء ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر سے کوئٹہ میں کوئٹہ ترقی فاؤنڈیشن کے چیئرمین بسم اللہ ناصر، سینئر ایڈووکیٹ و ممتاز وکلا رہنما سہیل احمد راجپوت، کوئٹہ فاؤنڈیشن کے صدر افنان احمد کاکڑ اور دیگر سماجی شخصیات نے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران بلوچستان کی ترقی، عوامی فلاح و بہبود اور درپیش مسائل کے حل کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد نے صوبے کی بہتری اور عوامی مسائل کے حل کے لیے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی کاوشوں کو سراہا۔اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کہا کہ وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت بلوچستان کی ترقی، خوشحالی اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے ویژن کے مطابق ان منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد جاری ہے جس کے مثبت اثرات جلد سامنے آئیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان قدرتی وسائل کی دولت سے مالا مال صوبہ ہے اور حکومت نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے اور انہیں بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کر رہی ہے تاکہ صوبہ ترقی کی راہ پر گامزن ہو اور عوام کی زندگی میں بہتری آئے۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان کے مسائل کے حل اور پائیدار ترقی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ اس موقع پر کوئٹہ ترقی فاؤنڈیشن کے نوجوانوں نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو گلدستہ پیش کیا اور ان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں