پسنی کے نامور نوجوان ناخدا اور حق دو تحریک پسنی کے سینیئر کارکن ناخدا صغیر احمد عبدالغفور کا ایم پی اے گوادر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کا شکریہ۔

پسنی (رپورٹر) پسنی کے نامور نوجوان ناخدا اور حق دو تحریک پسنی کے سینیئر کارکن ناخدا صغیر احمد عبدالغفور نے اپنے ایک تفصیلی بیان میں ایم پی اے گوادر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کی بے لوث خدمات، جدوجہد اور عوام دوستی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں کی جانب سے یہ تاثر دینے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ پسنی میں حالات جوں کے توں ہیں، لیکن حقیقت اس کے برعکس ہے۔ اگر ہم ماضی پر نظر ڈالیں اور آج کے حالات کا موازنہ تین سال پہلے سے کریں تو واضح تبدیلی نظر آتی ہے۔ پہلے ماہیگیر شدید مشکلات، بے روزگاری، بنیادی سہولیات کی کمی اور حکومتی عدم توجہی کا شکار تھے، لیکن آج حالات میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

ناخدا صغیر عبدالغفور نے کہا کہ مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کی قیادت میں نہ صرف ماہیگیروں کے مسائل کو اجاگر کیا گیا بلکہ ان کے حل کے لیے عملی اقدامات بھی اٹھائے گئے۔ انہوں نے ماہیگیروں کے حقوق، روزگار کے مواقع، سمندری وسائل کے تحفظ اور مقامی آبادی کے مسائل کے حل کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کی۔ یہی وجہ ہے کہ آج پسنی کے ماہیگیر پہلے سے زیادہ پر امید اور مطمئن دکھائی دیتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے ہمیشہ پسنی کے عوام کے دکھ درد کو اپنا سمجھا اور ہر مشکل گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑے رہے۔ چاہے وہ پانی، بجلی، روزگار یا دیگر بنیادی مسائل ہوں، انہوں نے ہر مسئلے کو اپنی ترجیح بنایا اور اس کے حل کے لیے بھرپور کوشش کی۔

ناخدا صغیر عبدالغفور نے کہا کہ ہم پسنی والے مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کا جتنا بھی شکریہ ادا کریں وہ ان کی خدمات اور قربانیوں کے مقابلے میں کچھ بھی نہیں۔ انہوں نے اپنی سیاست کو ذاتی مفاد کے بجائے عوامی خدمت کے لیے وقف کر رکھا ہے، جو کہ ایک سچے اور مخلص رہنما کی پہچان ہے۔

انہوں نے ان عناصر پر بھی کھل کر تنقید کی جو ذاتی مفادات کے تحت ایم پی اے گوادر کو ناکام بنانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ درحقیقت پسنی کی ترقی کے دشمن ہیں، لیکن ان کی یہ کوششیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی کیونکہ پسنی کے عوام، خاص طور پر ماہیگیر برادری، مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ جب تک ہم متحد ہیں اور اپنے لیڈر پر اعتماد رکھتے ہیں، کوئی بھی قوت ہمیں ترقی کے راستے سے نہیں ہٹا سکتی۔ ہمیں چاہیے کہ ہم اختلافات کو پس پشت ڈال کر اپنے علاقے کی ترقی کے لیے ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے ہوں۔

ناخدا صغیر عبدالغفور نے اپنے پیغام کے آخر میں کہا کہ میں پسنی کے تمام ماہیگیروں، نوجوانوں، بزرگوں اور کاروباری حضرات کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ مولانا ہدایت الرحمان بلوچ جیسا باکردار، بہادر، ایماندار اور عوام دوست لیڈر ہمیں ڈھونڈنے سے بھی نہیں ملے گا۔ ہمیں چاہیے کہ ہم ان کا بھرپور ساتھ دیں، ان کے مشن کو کامیاب بنائیں اور پسنی کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آنے والا وقت پسنی کے لیے مزید خوشخبریاں لے کر آئے گا، اور اگر ہم سب متحد رہے تو ہمارا شہر ترقی کی نئی مثال قائم کرے گا۔ یہی اتحاد اور اعتماد ہماری اصل طاقت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں