کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالہ یوسف خلجی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں حکومت میں شامل جماعتیں کرپشن اور لوٹ مار میں مصروف ہیں جبکہ اپوزیشن بھی کہیں بھی نظر نہیں آرہی ہے عوام پوچھنا چاہتے ہیں کہ اپوزیشن کیا کر رہی ہے۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں لالہ یوسف خلجی نے کہا کہ بلوچستان میں اسوقت پاکستان پیپلز پارٹی، مسلم لیگ(ن) اور بلوچستان عوامی پارٹی کی مخلوط صوبائی حکومت قائم ہے حکومت میں شامل پارٹیوں کے وزراء اورارکان اسمبلی عوام کی خدمت کی بجائے لوٹ ماراور کرپشن میں مصروف ہیں اورسرعام سرکاری نوکریاں لاکھوں روپے لیکر فروخت کی جارہی ہیں پڑھے لکھے نوجوان اور سیاسی کارکن ہاتھوں میں ڈگریاں لئے نوکریوں کیلئے دربدر کی ٹھوکریں کھارہے ہیں لیکن انہیں پوچھنے والا کوئی نہیں ہے جس کی وجہ سے ان میں سخت مایوسی پائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال بلوچستان میں 200ارب روپے ترقیاتی فنڈز خرچ کئے گئے ہیں لیکن ترقی کہیں نظرنہیں آرہی ہے کوئٹہ بلوچستان کا دارلحکومت ہونے کے باوجود کھنڈرات کا منظر پیش کر رہا ہے اورعوام سہولیات سے محروم ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومتی وزراء اورارکان اسمبلی لوٹ مار اور کرپشن میں مصروف ہیں لیکن اس دوران اپوزیشن بھی کہیں نظرنہیں آرہی ہے۔ انہو ں نے کہا کہ اپوزیشن کا کردار حکومت کی کمزوریوں اور غلط کاموں کی نشاندہی کرنا ہوتاہے لیکن ایسا لگتا ہے کہاپوزیشن بھی حکومت کے ساتھ لوٹ ماراور کرپشن میں لگی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکمران اور سیاسی جماعتوں کے قائدین کی کارکردگی سے عوام ناخوش ہیں حکمران،اپوزیشن اورسیاسی جماعتوں کے قائدین ہوش کے ناخن لیں اورعوام کی خدمت کو یقینی بنائیں بصورت دیگر وہ دن دور نہیں جب عوام کے ہاتھ اورحکمرانوں،اپوزیشن اورسیاسی جماعتوں کے قائدین ے گریبان ہونگے اورانہیں بچانے والا کوئی نہیں ہوگا۔

