سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے صوبہ بھر کے سکولوں میں جاری تعمیراتی کام کے حوالے سے اہم حفاظتی ہدایات جاری کرتے ہوئے خطرناک اور جزوی طور پر خطرناک عمارتوں کے خلاف فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
محکمہ کی جانب سے جاری احکامات میں تمام ڈپٹی کمشنرز اور سی ای او ایجوکیشن کو ہدایت کی گئی ہے کہ سکولوں میں سیفٹی ہدایات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور جہاں عمارتیں خطرناک قرار دی جا چکی ہیں وہاں فوری حفاظتی اقدامات کیے جائیں۔
حکام کے مطابق صوبہ بھر کے سرکاری سکولوں میں سکیورٹی اور سیفٹی اقدامات مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ آئندہ شروع ہونے والے تمام تعمیراتی منصوبوں میں حفاظتی اصولوں پر مکمل عملدرآمد لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔
محکمہ تعلیم نے پہلے سے جاری سیفٹی احکامات پر دوبارہ سختی سے عملدرآمد کا حکم دیتے ہوئے سکولوں میں جاری تعمیراتی سرگرمیوں کی نگرانی مزید سخت کرنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے تاکہ طلبہ اور اساتذہ کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔

