اسلام آباد +کوئٹہ(این این آئی) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے کفایت شعاری اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں، کفایت شعاری صرف حکومتی سطح تک محدود نہیں ہونی چاہیے بلکہ معاشرے کے ہر طبقے کو اس میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔یہ بات انہوں نے پیر کو خیبرپختونخوا کے ضلع کرم سے رکن صوبائی اسمبلی علی ہادی، سیکرٹری اسلام آباد کلب، سابق نگران وزیر خزانہ امجد رشید، سماجی شخصیات نگہت خورشید، فیصل کاکڑ سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افرادسے ملاقات کے د وران بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ ملاقاتوں کے دوران ملک کی مجموعی سماجی و اقتصادی صورتحال کے ساتھ ساتھ خطے میں تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ حالات میں قومی یکجہتی، معاشی استحکام اور مؤثر پالیسی سازی ناگزیر ہے۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے کفایت شعاری اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کفایت شعاری صرف حکومتی سطح تک محدود نہیں ہونی چاہیے بلکہ معاشرے کے ہر طبقے کو اس میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی جانب سے شروع کی گئی کفایت شعاری مہم کو عوام کی جانب سے مثبت ردعمل ملا ہے، جو کہ ایک خوش آئند امر ہے اور اس قومی کوشش کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی حالیہ سفارتی کوششوں کو عالمی سطح پر پذیرائی حاصل ہوئی ہے اور بین الاقوامی برادری نے پاکستان کے مؤقف اور اقدامات کو سراہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان امن، استحکام اور باہمی تعاون کا داعی ہے اور خطے میں مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ریاستی ادارے اور عوام مل کر ملک کو درپیش چیلنجز سے نکالنے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے۔

