کوئٹہ (این این آئی) جمعیت علمائے اسلام کے رہنما حافظ منیر حسین احمد نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور حکومتی معاشی پالیسیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو مسلسل مشکلات میں دھکیلا جا رہا ہے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوام کے لیے ناقابل برداشت ہو چکا ہے جس سے نہ صرف روزمرہ اشیاء مہنگی ہوئی ہیں بلکہ عام آدمی کی زندگی بھی شدید متاثر ہو رہی ہے ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے تمام بوجھ غریب طبقے پر ڈال دیا ہے جبکہ حکمران خود مراعات سے لطف اندوز ہو رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ ملک میں بننے والی پالیسیاں عوامی مسائل کے حل کے بجائے ان میں مزید اضافہ کر رہی ہیں جس کے باعث عوام میں بے چینی بڑھ رہی ہے انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ فوری طور پر ریلیف اقدامات کرے اور مہنگائی کو کنٹرول کرے، حافظ منیر حسین احمد نے کہا کہ حکمران سمارٹ لاک ڈاؤن کے نام پر عوام کو مزید مشکلات میں دھکیل رہے ہیں اور کاروبارزندگی کو محدود کر کے عام آدمی کی مشکلات میں اضافہ کیا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن جیسے اقدامات سے روزانہ کمانے والے افراد سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں جبکہ حکمران طبقہ خود کسی قسم کی پابندی کا شکار نہیں، جے یو آئی رہنما نے مطالبہ کیا کہ حکومت لاک ڈاؤن لگانے کے بجائے اپنی شاہانہ اخراجات میں کمی کرے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کرے، انہوں نے مزید کہا کہ عوام پر مزید بوجھ ڈالنے کے بجائے حکمران اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کریں اور ایسی حکمت عملی اپنائیں جو عوام کے لیے آسانی پیدا کرے نہ کہ مشکلات بڑھائے۔

