پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن، استحکام،باہمی احترام کی پالیسی کو فروغ دیا،سفارتی پیشرفت واضح ثبوت ہے،میر اعجاز سنجرانی

نوکنڈی(این این آئی) بلوچستان عوامی پارٹی کے صوبائی سینئر نائب صدر و سابق مشیر وزیراعلیٰ بلوچستان میر اعجاز خان سنجرانی نے وزیراعظم میاں شہباز شریف اور فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی مؤثر سفارتکاری اور دانشمندانہ حکمت عملی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی کوششوں سے امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی ممکن ہوئی، جو مشرق وسطیٰ سمیت پوری دنیا کے لیے امن کا مثبت اور حوصلہ افزا پیغام ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن، استحکام اور باہمی احترام کی پالیسی کو فروغ دیا ہے اور حالیہ سفارتی پیش رفت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستان عالمی سطح پر ایک ذمہ دار اور امن پسند ملک کے طور پر اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشکل حالات میں بروقت اور مؤثر سفارتکاری ہی بڑے تنازعات کو ٹالنے کا ذریعہ بنتی ہے اور پاکستان کی قیادت نے دانشمندی سے یہی کردار ادا کیا ہے۔ میر اعجاز خان سنجرانی نے مزید کہا کہ جنگ بندی کا یہ اقدام نہ صرف انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے اہم ہے بلکہ اس سے خطے میں کشیدگی میں نمایاں کمی آئے گی اور امن و استحکام کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت نے ہمیشہ مذاکرات اور مفاہمت کے ذریعے مسائل کے حل کو ترجیح دی ہے، جو ایک مثبت اور دور اندیش پالیسی کی عکاسی کرتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں