ایجوکیشن اتھارٹی لاہورنے پرائیویٹ سکولوں کی جانب سے جعلی دستاویزات کے ذریعے رجسٹریشن حاصل کرنے کے معاملے کا سخت نوٹس لے لیا ہے۔
اتھارٹی کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق تمام پرائیویٹ سکول مالکان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی رجسٹریشن سے متعلق تمام اصل دستاویزات کی ہارڈ کاپی تین دن کے اندر جمع کروائیں۔
حکام کے مطابق پیپرس پورٹل پر رجسٹریشن کیلئے جمع کروائی گئی معلومات کو اصل دستاویزات سے میچ کرنا لازمی ہوگا، جبکہ کسی بھی قسم کی جعلسازی یا بوگس سرٹیفکیٹس کی صورت میں سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ایجوکیشن اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ سکولوں کیلئے ہائجینک سرٹیفکیٹ، بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ، سی سی ٹی وی اور سکیورٹی سے متعلق دستاویزات، صاف پانی کی سہولت کے شواہد اور طلباء کا مکمل ریکارڈ جمع کروانا لازمی ہوگا۔
مزید برآں سکول مالکان کو کرایہ یا ملکیت کے ثبوت کے ساتھ ساتھ فری ایجوکیشن کے تحت داخل طلباء کی فہرست بھی فراہم کرنا ہوگی۔
اتھارٹی کے مطابق نامکمل یا جعلی دستاویزات کی بنیاد پر رجسٹریشن فوری طور پر مسترد کر دی جائے گی، جبکہ خلاف ورزی کرنے والے سکولوں کے لائسنس کی منسوخی اور قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد تعلیمی اداروں میں شفافیت کو یقینی بنانا اور طلباء کو محفوظ اور معیاری تعلیمی ماحول فراہم کرنا ہے۔

