کوئٹہ (این این آئی) نیشنل پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے ممبر و ضلع صدر کوئٹہ حاجی عطاء محمد بنگلزئی نے حالیہ بارشوں کے بعد پی بی 44 کی ناگفتہ صورت حال پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی بی 44 صرف بارشوں سے نہیں ڈوبا بلکہ بدعنوانی، نااہلی اور فارم 47 کے سہارے مسلط جعلی نمائندگی نے اسے تباہی میں دھکیل دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی بی 44 کے عوام پانی میں ڈوب کر اذیت کا شکار ہیں جبکہ فارم 47 کا نام نہاد نمائندہ کرپشن کے گند میں اس قدر ڈوبا ہوا ہے کہ اسے عوام کی چیخیں سنائی نہیں دے رہیں۔ یہ شخص عوام کا نمائندہ نہیں بلکہ وسائل کا لٹیرا اور عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے والا کردار ہے۔حاجی عطاء محمد بنگلزئی نے کہا کہ اربوں روپے کے فنڈز پی بی 44 کے لیے جاری ہوئے، مگر زمینی حقیقت یہ ہے کہ پی بی 44 کھنڈر بن چکا ہے۔ نہ نکاسی آب کا نظام، نہ سڑکیں، نہ کوئی بنیادی سہولت۔یہ واضح ہوگیا ہے کہ فنڈز کرپشن کی نذر ہو چکے ہیں اور ایک منظم لوٹ مار کا بازار گرم رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ محض نااہلی نہیں بلکہ ایک مجرمانہ عمل ہے۔جس نے عوام کے وسائل کو خود کے بینک بیلنس منتقل کیا۔اور حلقے اور عوام کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔ فارم 47 کے ذریعے مسلط نمائندہ اور اس کے سہولت کار عوام کے مجرم ہیں اور ان کا احتساب ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ فارم 47 کی جعلی نمائندے نے عوام کے مینڈیٹ کو چرانے کے بعد اب عوامی فنڈز کو بھی چرانے میں مصروف ہے۔اس لیے فوری طور پر شفاف تحقیقات کو بروئے کار لاتے ہوئے لوٹی گئی رقم کی واپسی اور ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

