پیٹرولیم لیوی کے معاملے پر عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے، حافظ نعیم الرحمان

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پیٹرولیم لیوی ٹیکس کے معاملے پر عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے، لیوی ٹیکس عوام کے ساتھ ظلم ہے۔

منصورہ لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ عوام ایک لیٹر پیٹرول پر سوا سو روپے ٹیکس ادا کر رہے ہیں، جنگ بندی پر سوچ رہے تھے کہ وزیراعظم پرانی قیمت پر پیٹرول لے آئیں گے لیکن بارہ روپے کم کیا جو افسوسناک ہے۔

حافظ نعیم الرحمن پیٹرول کی قیمت ڈھائی سو روپے لیٹر تک لائی جائے، لیوی ٹیکس ختم ہوگا تو معاشی سرگرمیاں بڑھ جائیں گی جس کا فائدہ ملک کو ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کھرب پتی ٹیکس بچا رہے ہیں اور موٹرسائیکل چلانے والا ٹیکس دے رہا ہے، حکومت لیوی ٹیکس سے پانچ چھ سو ارب روپے کما رہی ہے اسے ختم ہونا چاہئے۔

امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ پاکستان کی میزبانی میں ایران امریکا مذاکرات خوش آئند بات تھی، ہم چاہتے ہیں کہ ایران امریکا مذاکرات کامیاب ہوں، پاکستان نے بہت اچھا کردار ادا کیا ہے اور مزید ادا کرسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ اطلاعات بھی آئیں کہ فریقین معاہدے کے قریب تھے لیکن امریکی نائب صدرکو فون آیا اور وہ معاہدہ کیے بغیر چلے گئے، شیطان کی پوجا کرنیوالواں نے امریکا کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں