سندھ میں نقل مافیا برسوں سےحکومتی سرپرستی میں نوجوانوں کے خوابوں کا سودا کررہا ہے، پی ٹی آئی صدر کراچی راجا اظہر

کراچی(پریس ریلیز) صدر پاکستان تحریک انصاف کراچی راجا اظہر نے کہا ہے کہ شہر میں میٹرک امتحانات کے دوران پرچوں کا بار بار لیک ہونا سندھ حکومت کی بدانتظامی اور تعلیمی بورڈز کی ناکامی کو بے نقاب کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں نقل مافیا برسوں سے سرگرم ہے اور حکومتی سرپرستی میں نوجوانوں کے خوابوں کا سودا کیا جا رہا ہے۔راجا اظہر نے اپنے بیان میں کہا کہ سندھ حکومت تعلیمی نظام کو بہتر بنانے کے بجائے اسے تباہ کرنے پر تُلی ہوئی ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ بعض امتحانی مراکز میں اساتذہ مبینہ طور پر پانچ ہزار روپے رشوت لے کر طلبہ کو نقل کے لیے خصوصی (وی آئی پی) کمرے فراہم کر رہے ہیں، جو کہ نہایت تشویشناک اور قابلِ مذمت عمل ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ راتوں رات طلبہ کے امتحانی مراکز تبدیل کر کے والدین اور بچوں کو مسلسل پریشانی میں مبتلا کیا جا رہا ہے، جسے فوری طور پر بند کیا جائے۔ کئی امتحانی مراکز میں بنیادی سہولیات کا بھی فقدان ہے، جہاں پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی اور لوڈشیڈنگ کے باعث طلبہ کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔راجا اظہر نے کہا کہ برسوں سے سندھ میں امتحانات کے انعقاد کے لیے کوئی مؤثر اور جامع حکمت عملی نہیں بنائی گئی، جس کے باعث ہر سال ایسے ہی مسائل جنم لیتے ہیں۔ انہوں نے سندھ حکومت اور چیئرمین میٹرک بورڈ کو امتحانات میں ہونے والی بدانتظامی کا براہِ راست ذمہ دار قرار دیا۔آخر میں انہوں نے مطالبہ کیا کہ کراچی میں طلبہ کے مستقبل سے کھیلنے کا سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے، نقل مافیا کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور امتحانی نظام کو شفاف اور منصفانہ بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں