تربت (این این آئی)حکومت بلوچستان کے تعاون سے بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام (بی آر ایس پی) کے زیر اہتمام رائز بلوچستان پروگرام کے بارے میں یونیورسٹی آف تربت میں ایک آگاہی سیمینار منعقد ہوا۔ سیمینار کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے کی، جبکہ ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ سیمینار میں بی آر ایس پی رائز پروجیکٹ کے ریجنل منیجر التاز سخی، فیکلٹی آف سائنس، انجینئرنگ اینڈ آئی ٹی کے ڈین ڈاکٹر حنیف الرحمان، فیکلٹی ممبرزڈاکٹر عبدالقیوم، ڈاکٹر غلام جان، ڈاکٹر مشتاق بادینی، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز اعجاز احمد، پی ایس او ٹو وائس چانسلر میر باہڑ، اسسٹنٹ رجسٹرار غوث بخش بزنجو، فیکلٹی ممبران اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب کے دوران یونیورسٹی کے طلبہ جعفر خان، حمل اور ماریانے اپنے کاروباری آئیڈیاز پیش کیے، جنہیں شرکاء نے بھرپور سراہا۔اپنے صدارتی خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے معزز مہمانوں کی شرکت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے سیمینار کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان جدید کاروباری خیالات کے ساتھ آگے آئیں اور دستیاب مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یونیورسٹی آف تربت ایسے نوجوانوں کی رہنمائی اور معاونت کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی میں معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ طلبہ کی پیشہ ورانہ اور ڈیجیٹل صلاحیتوں میں اضافہ کے لیے ایک جامع پروگرام پر کام جاری ہے۔سمینار کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی نے اپنے خطاب میں کہا کہ امن، سماجی ہم آہنگی اور معاشی ترقی ایک دوسرے سے جڑے ہوئے عوامل ہیں اور نوجوان ان کے درمیان ایک مضبوط پل کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار امن کے بغیر کاروباری سرگرمیاں اور ترقی کا عمل مطلوبہ رفتارسے آگے نہیں بڑھ سکتی۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت بلوچستان، چیف سیکرٹری کی پالیسی رہنمائی کے تحت، رائز بلوچستان پروگرام کو ایک فلیگ شپ اقدام کے طور پر موثر انداز میں نافذ کرے گی تاکہ نوجوانوں، خواتین اور پسماندہ طبقات کو معاشی مواقع فراہم کیے جا سکیں اور ایک پرامن و مستحکم معاشرے کی بنیاد رکھی جا سکے۔سمینار کے انعقاد میں تعاون کرنے پر انہوں نے وائس چانسلر کا شکریہ اداکیا اور تربت یونیورسٹی کی ترقی میں ہرممکن تعاون کایقین دلایا۔بی آر ایس پی رائز پروجیکٹ کے ریجنل منیجر التاز سخی نے پروگرام کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ رائز بلوچستان ایک جامع ترقیاتی ماڈل ہے جس کا مقصد نوجوانوں کو بااختیار بنانا، انہیں مواقع فراہم کرنا اور کمیونٹی سطح پر امن و ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔سیمینار کے ریسورس پرسنز ڈاکٹر غلام جان اور ڈاکٹر مشتاق بادینی نے پائیدار ترقی اور کمیونٹی ڈویلپمنٹ میں نوجوانوں کے کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے طلبہ میں کاروباری رجحان تیزی سے فروغ پا رہا ہے اور کئی طلبہ تعلیم کے ساتھ ساتھ کاروبار بھی کر رہے ہیں، جبکہ دیگر تعلیم مکمل کرنے کے بعد کاروباری میدان میں قدم رکھ رہے ہیں، جو ایک مثبت تبدیلی کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے انسانی وسائل کی ترقی، سماجی خوشحالی اور فیصلہ سازی میں طلبہ کی شمولیت کی ضرورت پر بھی زور دیا اور طلبہ کو رائز پروگرام سے بھرپور استفادہ کرنے کی ترغیب دی۔اپنے استقبالیہ خطاب میں سیمینار کے فوکل پرسن ڈاکٹر عبدالقیوم نے شرکاء کو خوش آمدید کہا اور سیمینار کے کامیاب انعقاد میں تعاون پر فیکلٹی اور انتظامی عملے کا شکریہ ادا کیا۔آخر میں مہمانوں، مقررین اور منتظمین میں یادگاری شیلڈز تقسیم کی گئیں۔

