ضلع شرقی میں امتحانی مراکز کا دورہ، انتظامات تسلی بخش قرار

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ضلع شرقی امتیاز احمد قریشی نے ضلع شرقی میں قائم مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز ذاکر حسین بھڑگری، مختاراحمد عمرانی اور شعیب چھاچڑو بھی ان کے ہمراہ تھے۔تعلیمی افسران نے گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول (GBBS) جیل روڈنمبر2، ضلع شرقی کراچی کا خصوصی دورہ کیا، جہاں جاری نویں جماعت کے انگریزی کے پرچے کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ دورے کے دوران سینٹر سپرنٹنڈنٹ سید عاصم علی شاہ بھی موجود تھے۔افسران کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ امتحانی عمل نہایت منظم، شفاف اور پُرسکون ماحول میں جاری ہے۔ ہر طالب علم کو علیحدہ نشست فراہم کی گئی ہے تاکہ نقل کی روک تھام کو یقینی بنایا جا سکے، جبکہ امتحان شروع ہونے سے قبل طلبہ کے موبائل فونز گیٹ پر جمع کرا لیے جاتے ہیں۔ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نے امتحانی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے عملے کی کارکردگی کو سراہا اور ہدایت کی کہ شفاف اور منصفانہ امتحانی نظام کو ہر صورت برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ طلبہ کو سازگار اور سہولت بخش ماحول کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ وہ بہتر انداز میں اپنے امتحانات دے سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں