کراچی (اسٹاف رپورٹر) فرسٹ کیپٹل گروپ (پیس)کی جانب سے ڈی ایچ اے سٹی فیز ون میں ایک شاندار رہائشی منصوبے کی افتتاحی تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی ایڈمنسٹریٹر ڈی ایچ اے سٹی بریگیڈیئر کاشف نعیم تھے جبکہ مہمانِ اعزازی میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فرسٹ کیپٹل گروپ (پیس)کے ڈائریکٹرشہباز تاثیر نے کہا کہ کمپنی پہلے ہی لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں کامیاب اور معیاری منصوبے مکمل کرچکی ہے، اور اب اسی معیار کو کراچی میں متعارف کروایا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈی ایچ اے سٹی فیز ون میں یہ پہلا منصوبہ ہے، جس میں جدید طرزِ زندگی کے مطابق 125 اور 150 گز کے رہائشی ولاز اور کمرشل عمارتیں تعمیر کی جا رہی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ منصوبے کی قیمتیں مناسب رکھی گئی ہیں جبکہ ادائیگی کا نظام تین سالہ آسان اقساط پر مشتمل ہے، اس موقع پر میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے شرکاء کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ ملیر ایکسپریس وے کا کام مئی میں مکمل ہونے کی توقع ہے، جس کے بعد اس کا باقاعدہ افتتاح کیا جائے گا۔تقریب میں بزنس کمیونٹی، ایف پی سی سی آئی، آباد اور کراچی چیمبر کے اراکین سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ معروف رئیلٹرز عمران وصی، عمران زمان اور عرفان بھی اس موقع پر موجود تھے۔

