گوادر(این این آئی) گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے گوادر میں منعقدہ گرینڈ جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی ترقی کا دارومدار معاشی و معاشرتی سرگرمیوں میں عوامی شرکت، قبائلی ہم آہنگی اور حکومتی اقدامات کے تسلسل پر ہے۔ میں گوادر کے غیور باشندوں کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ آپ کا مستقبل بہت روشن ہیں۔ شاندار میگا پروجیکٹ سی پیک کی تکمیل سے گوادر پورے خطے کی معاشی اور تجارتی سرگرمیوں کا مرکز بنے گا۔ گوادر میں ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات سے عوام کو مستفید کرنے کیلئے تمام متعلقہ ادارے متحرک ہیں اور خواتین، نوجوانوں اور ماہی گیر برادری کو معاشی طور پر مضبوط بنانا وقت کا اہم تقاضا ہے۔ گوادر گرینڈ جرگہ میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، کمانڈر بارہ کور لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمدخان اور جی او سی گوادر سمیت اعلیٰ سرکاری افسران، ایم پی اے گوادر مولانا ہدایت الرحمان، منتخب عوامی نمائندگان، قبائلی عمائدین، ضلعی انتظامیہ، سیکیورٹی اداروں، تاجر برادری، ماہی گیروں کے نمائندگان اور سول سوسائٹی کے افراد کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ گوادر گرینڈ جرگہ میں بلوچستان کی مجموعی صورتحال بالخصوص مکران ڈویڑن اور گوادر کے مختلف ترقیاتی منصوبوں اور اقدامات سے متعلق اہم نکات زیر بحث آئے۔ گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل اور وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے گوادر عوامی جرگہ کے شرکاء کے مختلف سوالات کو غور اور توجہ سے سنا اور ان کے تسلی بخش جوابات دیئے اور تمام جائز مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ شرکاء سے خطاب میں گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ ہم سیاسی لوگ ہیں اور آئین کے دائرے میں مذاکرات پر یقین رکھتے ہیں۔ اس وقت بلوچستان کے بعض اضلاع میں بدامنی اور شورش کا مسئلہ ضرور ہے جس کا پائیدار سیاسی حل ہم باہمی مشاورت اور مسلسل مذاکرات کے ذریعے بآسانی نکال سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گوادر کی بلو اکانومی، جاری عظیم ترقیاتی منصوبوں، ماہی گیری اور گوادر یونیورسٹی کے ثمرات پر روشنی ڈال ضروری ہے۔ لیکن گوادر اور اس سے متصل علاقوں کے لوگوں کو درپیش مسائل و مشکلات سے آگہی اور ان کا فوری حل ڈھونڈنا بھی بہت ضروری ہے۔ ڈویڑنل سطح پر جرگوں کے انعقاد سے معاشرے کی خاموش اکثریت کی رائے معلوم کرنے، ضلعی انتظامیہ اور دیگر سرکاری اداروں کو بیدار کرنے میں بھی مدد ملتی ہے. آخر میں گوادر گرینڈ جرگہ کے شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان میں امن، ترقی اور خوشحالی کیلئے حکومت، سیکیورٹی اداروں اور عوام کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا، اور گوادر کو ایک پرامن، ترقی یافتہ اور عالمی معیار کا شہر بنانے کیلئے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ گورنر، وزیراعلیٰ اور کور کمانڈرکوئٹہ نے گزشتہ سال 11 مئی 2025 کو گوادر میں دہشتگردی کے بزدلانہ حملے میں شہید ہونے والے پولیس کانسٹیبل محمد خماری بلوچ شہید کے یادگار کا افتتاح بھی کیا۔

