کراچی میں ظفر جھنڈیر کی کتاب ”نظریاتی بہنیں“ کی تقریبِ رونمائی، سیاسی و علمی شخصیات کی شرکت

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما، ممبر سندھ کونسل اور این اے 238 کے ٹکٹ ہولڈر ظفر جھنڈیر کی تصنیف ”نظریاتی بہنیں“ کی تقریبِ رونمائی ڈیفنس فیز 2 میں واقع جھنڈیر ہاؤس میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں سیاسی، سماجی اور ادبی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب میں پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید شاہ، سینئر وزیر نثار احمد کھوڑو، صوبائی وزیر سعید غنی، سینیٹر وقار مہدی، رکنِ صوبائی اسمبلی آصف موسیٰ، لیبر ڈویژن کے صدر حبیب الدین، وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر نجمی عالم، سرفراز راجڑ، سرمد علی، فرحان غنی، چیئرمین چنیسر ٹاؤن، ذوالفقار قائمخانی، لیلیٰ پروین، سعید چاولہ، آصف خان، جانی میمن، ثمینہ شاہ اور یاسمین بٹ سمیت دیگر شخصیات شریک ہوئیں۔اس موقع پر ایم این اے مرحوم میر اعجاز خان جاکھرانی کے صاحبزادے زید خان جاکھرانی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا گیا اور مرحوم کے لیے دعائے مغفرت کی گئی۔ اس افسوس ناک خبر کے باعث تقریب کو سادگی سے منعقد کیا گیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئر وزیر نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ کتاب ایک تحریری دستاویز ہوتی ہے جو نسل در نسل منتقل ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ ڈیجیٹل دور میں جہاں لوگ مطالعہ کم اور دیکھنا زیادہ پسند کرتے ہیں، ایسے میں کتاب کی اشاعت قابلِ تحسین عمل ہے۔ انہوں نے مصنف ظفر جھنڈیر کو کتاب کی اشاعت پر مبارکباد پیش کی۔تقریب کے میزبان اور مصنف ظفر جھنڈیر نے کہا کہ زید خان جاکھرانی کے انتقال پر وہ تقریب مؤخر کرنا چاہتے تھے، تاہم دوستوں کے اصرار پر اسے ایک سادہ علمی نشست کے طور پر منعقد کیا گیا۔ انہوں نے مرحوم کے لیے دعا اور شرکاء کی آمد پر شکریہ ادا کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں