کراچی/حیدرآباد(رپورٹر) تنظیم السعید پاکستان کی صوبائی قیادت نے سندھ کے مختلف ڈویژنز پر مشتمل تین روزہ تنظیمی دورہ کامیابی سے مکمل کر لیا، جس کے دوران حیدرآباد، میرپورخاص، سکھر اور ٹنڈو اللہ یار میں اہم تنظیمی اجلاس منعقد کیے گئے اور مستقبل کے لائحہ عمل کا اعلان کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جمعۃ المبارک کے روز حیدرآباد ڈویژن میں اجلاس کا انعقاد ہوا جس کی میزبانی پیر گلشن الٰہی (چیئرمین سیدنا حضرت سید سخی عبدالوہاب شاہ جیلانی ٹرسٹ) نے کی۔ ہفتہ کے روز میرپورخاص ڈویژن میں مفتی پیر محمد شریف سعیدی (بانی و مہتمم جامع نور القرآن) میزبان رہے، جبکہ سکھر ڈویژن میں آغا تابش خان سعیدی (پریزیڈنٹ انسٹیٹیوٹ آف ماڈرن اسکلز ڈیولپمنٹ) نے میزبانی کے فرائض انجام دیے۔ ضلع ٹنڈو اللہ یار میں اجلاس کی میزبانی سید سلام الدین بخاری (ناظم اعلیٰ ضلع حیدرآباد) نے کی۔
تمام اجلاسوں کی صدارت صوبائی صدر سید حامد مختار شاہ کاظمی نے کی، جبکہ سرپرستی صاحبزادہ سید زبیر احمد (ناظم اعلیٰ سندھ) نے کی۔ اس موقع پر علامہ محمد اکرم سعیدی (صدر بزرگ کمیٹی سندھ) اور مفتی راشد سعید سعیدی (نائب صدر سندھ) نے تنظیمی امور کی نگرانی کی۔
اجلاسوں میں سندھ بھر کے ڈویژنز اور اضلاع کی تنظیمی کارکردگی، جاری فلاحی منصوبوں اور آئندہ اہداف کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ قائدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تنظیم السعید کا بنیادی منشور خدمتِ خلق، انسانیت سے محبت، مستحقین کی مدد، اور معاشرے کے کمزور طبقات بشمول غریب، مساکین، یتیموں، بیواؤں اور نادار طلبہ و طالبات کی ہر ممکن معاونت فراہم کرنا ہے۔
اجلاس کے دوران آئندہ کے لیے اہم اہداف بھی مقرر کیے گئے، جن میں سندھ بھر میں تنظیم کو مزید فعال اور منظم بنانا، کارکنان کے درمیان رابطوں کے نظام کو مضبوط کرنا، اور خدمتِ انسانیت کے منصوبوں کو تیز کرنا شامل ہے۔ علاوہ ازیں “غزالی زماں کانفرنس” کے انعقاد کے لیے بھی کارکنان کو متحرک کرنے کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔
دورے کے دوران وفد نے علامہ محمد ساجد رفیق قادری سعیدی کے زیر انتظام جامعہ محمدیہ تعلیم القرآن والحدیث کا دورہ کیا، جہاں طلبہ کو خصوصی وعظ و نصیحت کی گئی۔ وفد نے حضرت علامہ مولانا مفتی محمد عارف رفیق سعیدی کی عیادت بھی کی۔ تحصیل دولت پور میں الحاج عبدالستار سوہو کی جانب سے مہمانوں کے اعزاز میں خصوصی دعوتِ طعام کا اہتمام کیا گیا۔
اجلاسوں میں صوبائی ناظم مالیات محمد خلیل سعیدی، صدر ضلع شرقی محمد طیب فیضی، ملک الطاف سعیدی، میڈیا کوآرڈینیٹر محمد اسد اللہ خان سعیدی، محمد ناصر سعیدی سمیت مختلف اضلاع کے عہدیداران، ممبران اور معززین نے شرکت کی۔ آخر میں مہمانوں کو سندھ کی ثقافتی روایت کے مطابق اجرک کے تحائف پیش کیے گئے

