صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے مریدکے میں بھارتی میزائل حملے میں شہید ہونے والے محمد مدثر کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔
محمد مدثر مئی 2025 میں مریدکے کی ایک مسجد پر ہونے والےبھارتی مزائل حملے میں شہید ہوئے تھے۔ صوبائی وزیر نے شہید کے والد محمد طفیل اور بھائی سے ملاقات کی اور انہیں پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔
اس موقع پر رانا سکندر حیات نے شہید کے درجات کی بلندی اور ایصالِ ثواب کے لیے دعا بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ شہدا ہمارا فخر ہیں، جنہوں نے ملک و قوم کے لیے لازوال قربانیاں دیں۔
صوبائی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ فورسز کے جوانوں اور سویلین شہدا کی قربانیوں کی بدولت ملک کا نام بلند ہوا اور آج ہم امن سے زندگی گزار رہے ہیں انہوں نے اعلان کیا کہ شہید مدثر کے ایک بھائی کو ملازمت دی جائے گی جبکہ دوسرے بھائی کے تعلیمی اخراجات وہ خود برداشت کریں گے۔
صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا کہ قوم اپنے تمام شہدا کو سلام پیش کرتی ہے اور ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

