آزاد، ذمہ دار اور باوقار صحافت ایک مہذب اور جمہوری معاشرے کی بنیادی ضرورت ہے،ڈاکٹر ربابہ بلیدی

کوئٹہ(این این آئی) مشیر برائے ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے عالمی یوم آزادی صحافت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آزاد، ذمہ دار اور باوقار صحافت ایک مہذب اور جمہوری معاشرے کی بنیادی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا نہ صرف عوام کو باخبر رکھتا ہے بلکہ سماجی شعور، شفافیت اور احتساب کے فروغ میں بھی کلیدی کردار ادا کرتا ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے صحافی محدود وسائل اور مشکل حالات کے باوجود اپنے پیشہ ورانہ فرائض نہایت ذمہ داری اور جرات کے ساتھ انجام دے رہے ہیں۔ ڈاکٹر ربابہ بلیدی نے اس بات پر زور دیا کہ خواتین جرنلسٹس اس شعبے میں نہایت اہم اور مؤثر کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین صحافی نہ صرف رپورٹنگ کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں بلکہ وہ سماجی مسائل، خواتین کے حقوق، تعلیم، صحت اور ترقیاتی موضوعات کو مؤثر انداز میں اجاگر کرکے معاشرے میں مثبت تبدیلی کا ذریعہ بن رہی ہیں انہوں نے کہا کہ پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی کے دوران بلوچستان کے چالیس سے زائد صحافیوں کی قربانیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ صحافت ایک پرخطر مگر باوقار پیشہ ہے، اور ان قربانیوں میں خواتین صحافیوں کی خدمات اور جرات بھی قابلِ ستائش ہے۔مشیر ویمن ڈویلپمنٹ نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں حکومت صحافیوں کے مسائل کے حل اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جرنلسٹ ویلفیئر اینڈومنٹ فنڈ کی سیڈ منی میں اضافہ، صحافیوں کے لیے ہاؤسنگ اسکیم کی منظوری اور میڈیا اکیڈمی کی فعالیت جیسے اقدامات اسی وڑن کا حصہ ہیں۔ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ خواتین صحافیوں کو پیشہ ورانہ میدان میں درپیش چیلنجز کے پیش نظر انہیں محفوظ، باعزت اور مساوی مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ خواتین جرنلسٹس کی استعداد کار میں اضافے، ان کے تحفظ اور پیشہ ورانہ ترقی کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر عملی اقدامات جاری رکھے گا انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پہلی ڈیجیٹل میڈیا پالیسی کی منظوری ایک اہم پیش رفت ہے، جس سے میڈیا کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگی پیدا ہوگی اور مستند و فعال اخبارات سمیت تمام میڈیا پلیٹ فارمز کو فائدہ پہنچے گا انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان آزادی صحافت کے اصولوں کی پاسداری کرتے ہوئے ایک ایسے متوازن اور جامع میڈیا ماحول کے قیام کے لیے کوشاں ہے جہاں خواتین اور مرد صحافی یکساں مواقع کے ساتھ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں انجام دے سکیں اور پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا اپنی اپنی اہمیت کے ساتھ فروغ پائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں