جعلی انرولمنٹ روکنے کیلئے سکولوں میں طلبا کی فزیکل ویریفکیشن شروع

پنجاب بھر میں پیما (PIMA) سکولوں میں جعلی انرولمنٹ کی روک تھام کے لیے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے طلبہ کی فزیکل ویریفکیشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق ویریفکیشن کا عمل 4 مئی سے 21 مئی تک جاری رہے گا، جس کے دوران ہر اسکول میں زیرِ تعلیم طلبہ کی موجودگی کو فزیکلی چیک کیا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد اسکولوں میں فرضی یا کاغذی داخلوں کو ختم کرنا اور اصل طلبہ کی درست تعداد کو یقینی بنانا ہے۔

پیما حکام نے ہدایت جاری کی ہے کہ طلبہ کی تصدیق سال میں دو بار لازمی قرار دی گئی ہے، جو ہر سال مئی اور اکتوبر میں کی جائے گی۔ ویریفکیشن کا عمل سکول انفارمیشن سسٹم میں درج طلبہ کی تعداد کے مطابق مکمل کیا جائے گا تاکہ کسی بھی قسم کی بے ضابطگی سامنے آ سکے۔

اس حوالے سے صوبے بھر کے تمام اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرز اے ای اوز اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز ڈی ای اوز کو ویریفکیشن یقینی بنانے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔ ویریفکیشن مکمل ہونے کے بعد تفصیلی رپورٹ محکمہ تعلیم کو بھجوانا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔

پیما حکام نے واضح کیا ہے کہ جہاں بھی جعلی انرولمنٹ ثابت ہوئی، وہاں متعلقہ اسکولوں کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس اقدام کو تعلیمی نظام میں شفافیت اور بہتری کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں