میر سرفراز بگٹی بلوچستان کی تقدیر بدلنے کے مشن پر گامزن ہیں،میر عبید گورگیج

کوئٹہ(این این آئی) رکن بلوچستان اسمبلی حلقہ پی بی 44 اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما میر عبید گورگیج نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے صوبے کی تقدیر بدلنے کا پختہ عزم کر رکھا ہے اور وہ اس مقصد کے حصول کیلئے عملی اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت عوام کی بہتری اور بلوچستان کی خوشحالی کیلئے جس انداز میں کام کر رہی ہے، ماضی کی حکومتوں میں اس کی مثال نہیں ملتی۔ اپنی رہائش گاہ پر مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے میر عبید گورگیج نے کہا کہ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی عوامی مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ اور متحرک کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت، تعلیم، انفراسٹرکچر اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے جیسے شعبوں میں نمایاں پیش رفت ہو رہی ہے، جس کے مثبت اثرات جلد عوام تک پہنچیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ پی بی 44 کو درپیش مسائل کے حل کیلئے بھی وزیر اعلیٰ خصوصی توجہ دے رہے ہیں اور اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جا رہا ہے۔ میر عبید گورگیج کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ صوبے میں ترقیاتی کاموں کا دائرہ کار وسیع کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو موجودہ حکومت سے جو توقعات وابستہ ہیں، وہ ضرور پوری ہوں گی اور صوبہ ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں