وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے ہزارہ ڈویژن کیلیے 200 ارب روپے کے ترقیاتی پیکج اور مانسہرہ میں میڈیکل، نرسنگ کالجز جبکہ ٹراما سینٹر کے قیام کا بھی اعلان کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق مانسہرہ میں پی ٹی آئی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے ہزارہ ڈویژن کیلیے 200 ارب روپے کے جامع ترقیاتی پیکج کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ 200 ارب روپے میں سے 50 ارب روپے صرف سیاحتی منصوبوں پر خرچ ہونگے جبکہ مانسہرہ میں میڈیکل کالج ، نرسنگ کالج، ٹراما سینٹر کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے تناول فیڈر کے قیام اور 15 کلومیٹر اوگی روڈ کی تعمیر جبکہ تناول اور دربند تحصیلوں کو بھی بہت جلد مکمل فعال کرنے کا اعلان بھی کیا۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ کل شیخ ادریس صاحب کو شہید کیا گیا، اس سے قبل بھی قیمتی لوگوں کو شہید کیا گیا، جب ہم دہشت گردی کے خلاف آواز بلند کرتے تھے تو کہا جاتا یہ جھوٹ بول رہے ہیں، جب معصوم لوگ شہید ہونا شروع ہوگئے تو اب کہتے ہیں آپریشنز کریں گے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ خیبر پختونخوا کو لیبارٹری سمجھ کر تجربات کیے جا رہے ہیں، اس کا نقصان غریب عوام کو ہو رہا ہے، 180 نشستیں جیتنے والے شخص کو قید کیا گیا، 17 نشستیں جیتنے والوں کو ہم پر مسلط کیا گیا، جب تک ہم اپنے حق کے لیے کھڑے نہیں ہونگے تب تک ہم ہر ظلم و جبر کرتے رہیں گے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ ہم نے متحد ہوکر اپنے حقوق کی جنگ لڑنی ہے، ہم نے عمران خان کے نظریے پر اپنی جانیں قربان کی ہیں ، ان کو تکلیف میں دیکھ کر درد ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے عمران خان کو پیغام بھیجا کہ میں بھی تیار ہوں اور قوم بھی تیار ہے ، حکم کریں تو پورا پاکستان بند کر دیں، میرا لیڈر عمران خان ہے میں اس کے ہر حکم کی تعمیل کروں گا۔
سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ عمران خان کے حکم کے بغیر نہ کسی کی بات سنوں گا اور نہ مانوں گا، جب میری نامزدگی کا اعلان ہوا تو طرح طرح کے الزامات لگائے گئے لیکن میں ڈٹا رہا، جب ناکام ہوئے تو میرے آبائی علاقے میں آپریشن کا اعلان کیا گیا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ میرے لوگ میرے ساتھ کھڑے ہیں، وہ جانتے ہیں انکے ووٹ پر کس نے ڈاکہ ڈالا، جزیرے کون خریدتا ہے، میں اپنے لیڈر اور لیڈر کی پارٹی کو کبھی نقصان نہیں پہنچاؤں گا، تمام آئینی وقانونی راستے عمران خان سے ملاقات کے لیے استعمال کر چکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان اور انکی اہلیہ کا ذاتی معالجین و فیملی کی موجودگی میں علاج نہیں کرایا جا رہا، جب سارے رستے بند کر دیئے جائیں ، دیوار سے لگایا جائے ، تو ہمارے پاس صرف احتجاج کا راستہ بچتا ہے۔
سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ ہم نے ایک دوسرے کی طاقت بن کر کندھے سے کندھا ملا کر انہیں شکست دینی ہے، ایلیٹ مافیا کبھی بھی نہیں چاہے گا مڈل کلاس آگے آئے، عمران خان نے پہلی دفعہ ایک مڈل کلاس لڑکے کو وزارت اعلیٰ کی کرسی پر بٹھایا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کارکنان اور عوام کو یقین دہانی کرائی کہ ’آپ سے وعدہ کرتا ہوں عمران خان اور عوام کے اعتماد کو ٹھیس نہین پہنچاؤں گا‘۔

